روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس بلندیوں کی جانب رواں دواں

گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی تعداد 1 لاکھ 80 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان رضا باقر نے کہا ہے کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی تعداد 1 لاکھ 80 ہزار اور سرمایہ کاری 1 ارب 65 کروڑ ڈالرز سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ روزانہ کی بنیاد پر ایک ہزار اکاؤنٹس کا اضافہ ہو رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں سے ایک ویب نار کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں بیرون ملک پاکستانیوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور سرمایہ کاری کے باعث اب تک 1 سو 71 ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے اکاونٹس کھلوا لیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

سستی گاڑیاں اب فراٹے بھریں گی

گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں 62 کروڑ ڈالرز کی رقم نیا پاکستان سرٹیفکیٹس، 43 کروڑ ڈالرز اسلامک نیا پاکستان سرٹیفکیٹس اور 49 کروڑ ڈالرز کی رقم ریگولر اکاؤنٹ بیلنس اور روزانہ کی بنیاد پر کی جانے والی ٹرانزیکشنز اور بلز وغیرہ کی ادائیگی کے لیے استعمال ہوئی ہے۔

ویب نار سے خطاب کرتے ہوئے اسٹیٹ بنک آف پاکستان کے گورنر ڈاکٹر رضا باقر نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاونٹس اسکیم کو کامیاب بنانے میں پاکستان کے مستحکم مالیاتی نظام نے بھی بڑا کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2 سال قبل پاکستان کے پاس محض 7 ارب ڈالر کے زر مبادلہ کے ذخائر تھے جو کہ اب بڑھ کر 16 ارب ڈالرز ہو گئے ہیں۔ اسی طرح 2 سال قبل پاکستان کو 19 ارب ڈالر کے کرنٹ اکاونٹ خسارے کا سامنا تھا جو اب مثبت ہوگیا ہے۔ مثبت تبدیلیوں کی بدولت پاکستان کی کرنسی کی شرح تبادلہ میں بھی استحکام آیا ہے جس کی وجہ سے پاکستان کے مالیاتی نظام پر بیرونی دنیا کے ساتھ ساتھ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا اعتماد بھی بڑھا ہے اور انہوں نے بغیر کسی خوف کے روشن ڈیجیٹل اسکیم میں سرمایہ کاری کی ہے۔

کینیڈا میں پاکستان کے سفیر رضا بشیر تارڑ نے روشن ڈیجٹیل اکاونٹس کی کامیابی کو وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کی پالیسیوں پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اعتماد سے تعبیر کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے ویژن کی روشنی میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بیرون ملک سفارت خانوں کے ذریعے پاکستانی بہن بھائیوں کی خدمت اور انہیں پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی کا حصہ بنانے اور انہیں پاکستان کے مالیاتی نظام میں بغیر کسی مشکل کے شریک کرنے پر ہمیشہ زور دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں اور ان کے دل ہمیشہ پاکستان سے محبت سے سرشار  اور معمور رہتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر