عید قرباں سے قبل عوام کی معاشی قربانی

ای سی سی نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی ، آٹے اور گھی کے قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔

عید قرباں سے پہلے وفاقی حکومت نے عوام کی معاشی قربانی دے دی ہے۔ مہنگائی میں پسی ہوئی عوام کے لیے ایک اور بُری خبر ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے یوٹیلٹی اسٹورز پر روزمرہ کی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے، جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے مینیجنگ ڈائریکٹر عمر لودھی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت ہونے اجلاس میں ای سی سی نے آٹے کے 20 کلو کے تھیلے پر 150 روپے، چینی کی فی کلو قیمت میں 17 روپے اور گھی کی فی کلو قیمتوں میں 90 روپے اضافے کی منظوری دے دی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

عوام تیل کی دھار سے کٹ مرے

وفاقی وزارت خزانہ نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر 3 بنیادی اشیاء مہنگی کرنے کی منظوری دی ہے۔ چینی کی فی کلو قیمت 17 روپے اضافے سے یوٹیلٹی اسٹورز پر اب 68 روپے کی بجائے 85 روپے فی کلو میں دستیاب ہوگی۔ اسی طرح 20 کلو آٹے کا تھیلا 150 روپے اضافے سے 800 روپے سے بڑھا کر 950 روپے میں فروخت کیا جائے گا۔ ای سی سی اجلاس میں فی کلو گھی کی قیمتوں میں 90 روپے کا اضافہ کردیا ہے اور اب 170 روپے فی کلو ملنے والا گھی کا پاؤچ 260 روپے میں دستیاب ہوگا۔

ذرائع کا کہنا پے کہ ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز عمر لودھی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ تو دے دیا مگر انہوں نے اپنے استعفے کے حوالے سے ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

واضح رہے کہ عمر لودھی کو 3 سال کے لیے ایم ڈی تعینات کرنے کی منظوری دی گئی تھی، یہ منظوری وزارت صنعت اور یوٹیلیٹی اسٹورز بورڈ نے دی تھی۔

مہنگے پیٹرول ، بجلی کے بلوں سے تنگ اور مہنگائی سے ستائے شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے غریب عوام کا خون چوس لیا اور اب یوٹیلیٹی اسٹورز کی اشیاء مزید مہنگی کرکے عید قرباں سے قبل ہماری معاشی قربانی دے دی ہے، اب تو دو وقت کی روٹی کا حصول اور زیادہ مشکل ہوگیا ہے۔

متعلقہ تحاریر