پراپرٹی ایجنٹ اب آپ کی مخبری کرئے گا؟

ملک کے 22 ہزار پراپرٹی ایجنٹس کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں رجسٹرڈ کیا گیا ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پراپرٹی ڈیلرز اور صارفین کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ آپ کا پراپرٹی ایجنٹ اب آپ کی مخبری کرئے گا۔ کالا دھن، منی لانڈرنگ اور کرپشن کا پیسہ اگر پراپرٹی میں لگایا تو آپ مشکل میں پڑسکتے ہیں۔

ایف بی آر نے پراپرٹی میں لگے کالے دھن، منی لانڈرنگ اور کرپشن  کے پیسے کے تعاقب کا فیصلہ کرلیا ہے۔  ایف بی آر نے اس سلسلے میں ملک بھر کے 22 ہزار پراپرٹی ایجنٹس کی ایک فہرست تیار کرلی ہے۔ اس مقصد کے لیے ملک کے 22 ہزار پراپرٹی ایجنٹس کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں رجسٹرڈ کیا گیا ہے اور پھر انہیں اس سلسلے میں قائم کیے گئے خودکار نظام سے منسلک کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

سام سنگ فونز اب پاکستان میں بنیں گے

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے آئی آر ایس، ان لینڈ ریونیو، گروپ نے اس سلسلے میں  خصوصی ڈی این ایف بی پی ڈائریکٹریٹ قائم کیا ہے۔ اب پراپرٹی کی ایسی تمام ڈیلز جن میں مشکوک سرمایہ ، کالا دھن، منی لانڈرنگ کا پیسہ یا کرپشن کا پیسہ لگا ہوگا وہ ایف بی آر میں رپورٹ کرنا پڑے گا۔ اگر پراپرٹی ڈیلرز، ریئل اسٹیٹ ایجنٹس ایسا نہیں کریں گے تو خلاف قانون اقدامات کے ذمہ دار ہوں گے اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ملک کے 22 ہزار پراپرٹی ڈیلرز اور ایجنٹس کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا دست راست بننا ہوگا اور وہ تمام معلومات جوکہ ایف اے ٹی ایف کے اہداف کے سلسلے میں پوری کرنا ہیں، وہ  فراہم کی جائیں گی۔ لہٰذا پراپرٹی ڈیلرز کی معلومات کے تحت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے حکام کالا دھن رکھنے والے، منی لانڈرنگ کا مال رکھنے والے اور کرپشن سے مال بنانے والے مشکوک سرمایہ کاروں تک بھی پہنچ سکے گا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے حکام وقتاً فوقتاً ان 22 ہزار پراپرٹی ڈیلرز اور ریئل اسٹیٹ ایجنٹس کے دفاتر کا معائنہ بھی کریں گے اور ضروری معلومات بھی حاصل کریں گے۔

متعلقہ تحاریر