وزیراعظم عمران خان کی ایف بی آر کو شاباش
ایف بی آر نے ماہ جولائی میں تاریخ کے سب سے بڑے ٹیکس محصولات کی مد میں 410 ارب روپے اکٹھے کرلیے ہیں۔
وزیراعظم عمران نے ماہ جولائی میں ریکارڈ ٹیکس محصولات جمع کرنے پر فیڈرل بیورو آف ریونیو (ایف بی آر) کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اب تک 410 ارب روپے ٹیکس محصولات کی مد میں اکٹھے کیے جا چکے ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا ہے کہ "جو ریونیو اکٹھا کیا گیا ہے وہ تاریخی اعتبار سے ماہ جولائی میں جمع ہونے والی سب سے بڑی رقم اور اس مہینے کے طے شدہ ہدف سے تقریباً 22 فیصد زیادہ ہے۔”
یہ بھی پڑھیے
پاکستان کی تاریخ میں ایل این جی کا سب سے مہنگا سودا
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا ہے کہ "یہ وصولیاں مستقل معاشی احیاء و افزائش کے حوالے سے حکومتی پالیسیز کی مظہر ہیں۔”
ماہِ جولائی میں ریکارڈ ریونیو اکٹھاکرنےپر میں FBR کوسراہتا ہوں۔اب تک 410 ارب روپےاکٹھےکئےجاچکےہیں جو تاریخی اعتبارسےماہِ جولائی میں جمع کی جانےوالی سب سے بڑی رقم اوراس مہینے کےہدف سے تقریباً 22% زیادہ ہے۔ یہ وصولیاں مستقل معاشی احیاء و افزائش کے حوالےسےحکومتی پالیسیوں کی مظہرہیں۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) July 31, 2021
ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ پاکستان میں حکومتی پالیسیز کے سبب ترسیلات زر اور ریونیو میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جو عوام کی جانب سے پی ٹی آئی حکومت پر اعتماد کا مظہر ہیں۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2020-21 کے دوران بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے 29 ارب 40 کروڑ ڈالرز کے ترسیلات زر بھجوائیں تھیں۔
واضح رہے کہ مالی سال 2019-20 بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے 23 ارب 13 کروڑ ڈالرز کے ترسیلات زر بھیجے تھے جو مالی سال 2020-21 کے مقابلے میں 27 فیصد کم تھے۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2020-21 کے ہر ماہ کے دوران ترسیلات زر میں 8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
گزشتہ دنوں گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے ایک ویب نار سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ "روشن ڈیجیٹل اکاونٹس اسکیم کو کامیاب بنانے میں پاکستان کے مستحکم مالیاتی نظام نے بھی بڑا کردار ادا کیا ہے۔”
رضا باقر کا کہنا تھا کہ "روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی تعداد 1 لاکھ 80 ہزار اور سرمایہ کاری 1 ارب 65 کروڑ ڈالرز سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ روزانہ کی بنیاد پر ایک ہزار اکاؤنٹس کا اضافہ ہو رہا ہے۔”