شہریوں نے ایک مرتبہ پھر آن لائن مارکیٹس کا رخ کرلیا

کپڑے، جوتے اور میک اپ کے بعد کھانا بھی آن لائن منگوانے کو ترجیح دی جارہی ہے۔

پاکستان میں کرونا وائرس کی نئی لہر کے باعث ایک مرتبہ پھر مارکیٹیں بند ہونے پر آن لائن شاپنگ کا رجحان بڑھنے لگا ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں لوگ کپڑے، جوتے اور میک اپ کے بعد کھانا بھی آن لائن منگوانے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز بڑھنے پر ایک مرتبہ پھر معمولات زندگی متاثر ہورہے ہیں۔ نئی پابندیوں کے بعد شہری مارکیٹوں کا رخ کرنے کے بجائے آن لائن شاپنگ کو ترجیح دے رہے ہیں۔

ملک میں محرم الحرام کی آمد سے قبل شادیوں کا سیزن ہوتا ہے جس میں خواتین اور بچوں سمیت مرد بھی شاپنگ کرتے دکھائی دیتے ہیں لیکن اب کرونا کے باعث روایات تبدیل ہورہی ہیں۔ شہری مختلف برانڈز کی آن لائن ویب سائٹس سے کپڑے، جوتے، میک اپ اور دیگر گھریلو سامان سمیت کھانا بھی آن لائن منگوا رہے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس  کے خطرات کی وجہ سے شاپنگ کے ٹرینڈ بھی بدل رہے ہیں۔ شہریوں کے مطابق مختلف اشیاء ویب سائٹس پر مناسب ریٹ پر مل جاتی ہیں تو انہیں مارکیٹس میں گھومنے کی ضرورت نہیں پڑتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

عید سے قبل آن لائن شاپنگ کا بڑھتا رجحان

شہریوں کے مطابق وہ انٹرنیٹ کے ذریعے خریداری کے علاوہ دیگر سہولتیں بھی حاصل کررہے ہیں۔ بس ٹکٹ سمیت سامان ایک سے دوسری جگہ تک پہنچانے میں بھی ایپس اور ویب سائٹس مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں اس وقت 2 ہزار سے زائد آن لائن پورٹل دستیاب ہیں جہاں سے لاکھوں افراد خرید وفروخت کررہے ہیں لیکن کامیابیاں وہی سمیٹ رہے ہیں جو معیاری اشیاء مناسب قیمت پر گاہکوں کو آفر کررہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر