روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ ریکارڈ رقم جمع کررہا ہے

غیر ملکی زرمبادلہ میں اضافہ 17 ارب 85 کروڑ ڈالر کی سطح تک جا پہنچا۔

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ (آر ڈی اے) کے ذریعے جولائی کے اختتام تک رقوم کی پاکستان آمد ایک ارب 87 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی۔ آر ڈی اے اجرا کے بعد موجودہ مالی سال کے پہلے ماہ میں رقم کی آمد دوسری بار بلند ترین سطح پر دیکھی گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کو جولائی 2021 میں 30 کروڑ 7 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔ جون میں یہ رقم 30 کروڑ 10 لاکھ ڈالر تھی۔ یہ اعداد ماہانہ 30 کروڑ سے زیادہ کی رقوم کا رجحان ظاہر کرتے ہیں۔

اسٹیٹ بینک نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ ستمبر 2020 میں متعارف کروایا تھا جس کا مقصد آن لائن ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے پاکستان میں بینک اکاؤنٹ کھلوانا تھا۔ ابتداء میں ان اکاؤنٹس سے آنے والی رقم کا حجم محض 70 لاکھ ڈالر تھا جو وقت کے ساتھ ساتھ بڑھنا شروع ہوا۔

DAWN

یہ بھی پڑھیے

شہریوں نے ایک مرتبہ پھر آن لائن مارکیٹس کا رخ کرلیا

گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کے مطابق نئے مالیاتی بہاؤ کی وجہ سے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بہتر بنانے میں مدد ملی ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ غیر ملکی زرمبادلہ میں اضافہ جولائی میں 17 ارب 85 کروڑ ڈالر کی سطح تک جا پہنچا، جس سے عالمی مارکیٹ میں پاکستان کا تشخص بہتر ہوا۔

جولائی میں پاکستان نے یورو بانڈز کے اجرا سے اضافی ایک ارب ڈالر حاصل کیے۔ مارچ میں یورو بانڈز کے ذریعے ملک کو ڈھائی ارب ڈالر حاصل ہوئے تھے۔

مارچ کے تخمینے کے مطابق کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہو کر مجموعی ملکی پیداوار کے 0.6 فیصد رہ گیا۔ جس پر گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ یہ پچھلے 10 سالوں میں ریکارڈ کیے جانے والا کم ترین کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ہے۔

رضا باقر نے اپنے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ آئی ایم ایف کے نئے گلوبل ایس ڈی آر کے ذریعے اگست میں پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 2 ارب 80 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوسکتا ہے۔

متعلقہ تحاریر