یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی انتظامیہ عوام کا تیل نکالنے کے در پے

پیسی ، مرنڈا ، ڈیو ، سیون اپ ، گھی اور تیل سمیت مختلف برانڈ کی 123 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی انتظامیہ نے مختلف برانڈ کی 123 اشیاء کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ کردیا ہے۔ جن اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ان میں پیپسی، مرنڈا، ڈیو، تلو گھی اور کوکنگ آئل، میزان گھی اور کوکنگ آئل، صوفی سوپ اور واشنگ پاؤڈر سمیت دیگر شامل ہیں۔

ملک بھر میں مہنگائی کے وار جاری ہیں، یوٹیلیٹی اسٹورز سے بھی ریلیف نہ ملا تو عوام کہاں جائیں گے۔ عوام کے لیے مہنگائی میں نئی مشکل، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے مختلف برانڈز کی اشیاء کے لیے ریٹ لسٹ جاری کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

اٹلی میں دنیا کا قدیم ترین بینک برائے فروخت

لسٹ کے مطابق مختلف برانڈ کے گھی اور کوکنگ آئل، چائے اور اچار مہنگے کردیئے گئے جبکہ کیچپ، ماچس، ڈیٹرجنٹ پاوٴڈر اور باتھ سوپ کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ ڈالڈا، کینولیو، تلو، میزان، سویا سپریم کے ریٹ میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

نئے نوٹی فیکیشن کے مطابق ڈالڈا کا کینو لیو کوکنگ آئل کے ریٹ میں فی لٹر 51 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے اور اس کی قیمت  373 روپے سے بڑھا کر 424 روپے فی لٹر ہوگئی ہے۔

تلو گھی کے دام 31 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے اور تلو گھی 266 کی بجائے 297 روپے کا ہوگیا ہے۔ تلو خوردنی تیل 33 روپے فی لٹر مہنگا ہوگیا ہے اور اس کے دام 271 روپے لٹر کی بجائے 304 روپے لٹر کر دیے گئے ہیں۔

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن

میزان گھی کی فی کلو قیمت 29 روپے بڑھائی گئی ہے اور میزان کا ایک کلو گھی کا پاؤچ 284 کی بجائے اب 313 روپے میں فروخت کیا جائے گا۔

سویا سپریم کا بناسپتی ایک کلو گرام کا ریٹ 32 روپے بڑھایا گیا ہے اور  ایک کلو گھی کی قیمت 280 روپے سے بڑھا کر  312 روپے فی کلو گرام کی گئی ہے۔

سویا سپریم کا کوکنگ آئل 34 روپے لٹر مہنگا کیا گیا ہے اور ایک لٹر کا پاؤچ 285 روپے سے بڑھا کر 319 روپے کیا گیا ہے۔

کوثر بناسپتی کے ریٹ میں 26 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے اور اس کا ایک کلو کا پیکٹ 270 سے بڑھا کر 296 روپے کردیا گیا ہے۔

راز چائے کی پتی کا  950 گرام کا پیکٹ 40 روپے مہنگا کیا گیا ہے اور اس کا پیکٹ 880 روپے سے بڑھا کر 920 روپے کیا گیا ہے۔

باتھ صاف کرنے والے ہارپک کا ایک لٹر کا پیکٹ 49 روپے مہنگا کیا گیا ہے اور اس کا ریٹ 449 کی بجائے اب 498 روپے میں فروخت ہوگا۔

چھوٹی ماچس کی ڈبے کا پیکٹ 10 روپے سے بڑھا کر 20 روپے کردیا گیا ہے اور اب اس کے دام دگنے ہو گئے ہیں۔

یوٹیلیٹی اسٹورز پر ڈیڑھ لیٹر کولڈ ڈرنک کی قیمت میں 2 روپے کا اضافہ کیا گیا اور پیپسی کولا، مرنڈا، ماؤنٹین ڈیو، سیون اپ کی ڈیڑھ لیٹر کی بوتل 82 روپے سے بڑھا کر 84 روپے کردی گئی ہے۔

کیپری کا صابن 3 روپے مہنگا کر دیا گیا ہے اور اس کا ریٹ 69 کی بجائے 72 روپے کر دیا گیا ہے۔ صوفی سوپ، کپڑے دھونے کی سویاں اور واشنگ پاؤڈر کے ریٹ میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ صوفی کا 500 گرام کا واشنگ پاؤڈر 10 روپے مہنگا کیا گیا ہے اور اس کا پیکٹ 138 کی بجائے 148 روپے کا کیا گیا ہے۔

یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف اشیا کے دام  بے لگام ہونے سے چکن اسپریڈ میں 50 روپے فی لیٹرکا اضافہ کیا گیا۔ ینگ برانڈ کے مختلف چکن اسپریڈ، مائیونیز فی لٹر 50 روپے تک مہنگے کیے گیے ہیں۔ شنگریلا مکس اچار کی قیمت میں 30 روپے فی کلو کا اضافہ کیا گیا اور کیچپ کی قیمت میں 10 روپے کا اضافہ کیا گیا۔ ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر نئی قیمتوں کا اطلاق فوری کردیا گیا ہے۔

متعلقہ تحاریر