کراچی کے تاجر قومی جذبے کے تحت رات 9 بجے دکانیں بند کرنے پر راضی
کراچی کے شاپنگ مالز رات 9 بجے جبکہ شادی ہالز رات 11 بجے اور ریستوران آدھی رات کو بند کیے جائیں
کراچی کی تاجر برادری کے نمائندوں نے توانائی کے بحران کے پیش نظر حکومت سندھ کو تجویز دی ہے کہ بجلی کی کمی پورا کرنے کے لیے شہر قائد کے شاپنگ مالز رات 9 بجے جبکہ شادی ہالز رات 11 بجے اور ریستوران آدھی رات کو بند کیے جائیں۔
کمشنرکراچی اقبال میمن کے دفتر میں حکومتی اور تاجروں نمائندوں کا مشاورتی اجلاس ہوا۔ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر محمد ادریس نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور حکومت کے ساتھ تعاون کا یقین دلایا ۔
یہ بھی پڑھیے
نیپرا کے عوام کو بجلی کے جھٹکے، فی یونٹ7 روپے91 پیسے مہنگا کردیا
مشاورتی اجلاس میں صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو ، وزیر اعلی کے مشیر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمی مرتضی وہاب اور ایڈیشنل آئی جی پولیس جاوید عالم اوڈھونے شرکت کی۔
اجلاس میں تاجرنمائندوں نے تجویز پیش کی کہ وفاقی حکومت کے فیصلے کی روشنی میں کاروباری مراکز بند کرنے کے احکامات مشاورت کے بعد جاری کیے جائیں۔
کمشنر کراچی کے مطابق حکومت نے تجارتی اور کاروباری تنظیموں کے ساتھ مشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔تاجر تنظیموں کی اکثریت نے اجلاس میں حکومت کے فیصلے پر عملدرآمد میں بھرپور تعاون کا یقینی دلایا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
وفاق کا کے الیکٹرک کو 25ارب دینے سے انکار، کراچی میں بجلی کے بڑے بحران کا خدشہ
کمشنرکراچی اقبال میمن نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ تاجر تنظیموں کا رابطہ مضبوط بنایا جائے گا تاکہ ایک دوسرے کے تعاون سے فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
ملک کے دیگرحصوں کی طرح کراچی کے تاجربھی توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے قومی جذبہ کے تحت مارکیٹیں جلدی بجے بند کر نے پر رضامند ہوگئے ہیں۔