پٹرول 15 روپے لیٹر مزید مہنگا،گھبرائیں نہیں قیمت اور بڑھے گی
پٹرول 14روپے 85پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 13روپے 23پیسے، مٹی کا تیل18روپے 93پیسے اور لائٹ ڈیزل18روپے68پیسے مزید مہنگا، پٹرول پر10 روپے اور دیگر مصنوعات پر 5روپے فی لیٹر لیوی عائد
حکومت کا نئے مالی سال کے آغاز پرعوام کو پٹرول بم کا تحفہ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر 15 روپے تک کا اضافہ کردیا۔پٹرول پر 10 روپےفی لیٹرلیوی عائر کردیا،قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری ،رات 12 بجے سے اطلاق ہوگیا۔
حکومت نے پٹرول پر 10 روپے فی لیٹر لیوی عائدکرتے ہوئے قیمت میں14روپے 85پیسے کا مزید اضافہ کردیا جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 248 روپے 74 پیسے ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
تیل کے بحران کا حل ، حکومت عمران خان کے نسخے آزمانے لگی
اپٹما کا بر آمدات میں اضافے کیلئے سستی بجلی و گیس کی فراہمی کا مطالبہ
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے 23 پیسے فی لیٹرکا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 276 روپے 54 پیسے فی لیٹر پر جاپہنچی ہے ۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں 18 روپے 83 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد مٹی کا تیل 230 روپے 26 پیسے فی لیٹر ہوگیا ہے۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 18 روپے 68 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 226 روپے 15 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
حکومت نے پٹرول پر 10 روپے فی لیٹرجبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل پر 5، 5، روپے فی لیٹر لیوی عائد کی گئی ہے۔عوام حکومت کے اس فیصلے سے انتہائی ناراض ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ حکومت ان کے لیے نت نئی مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ آخری اضافہ نہیں ہے،حکومت کو آئی ایم ایف سے کیے گئے معاہدے کی پاسداری کرنا ہوگی اور آئندہ دنوں پٹرولیم لیوی میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔