مالی سال 2021-22میں سیمنٹ کی فروخت 7.91فیصد کم رہی
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے ایندھن، بجلی، کوئلے اور دیگر خام مال کی قیمتوں میں اضافے سے سیمنٹ انڈسٹری کو مشکل دور کا سامنا ہے۔
مالی سال 2021-22 کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت (بشمول مقامی و ایکسپورٹ) 52.89 ملین ٹن رہی جو گزشتہ مالی سال کی 57.43 ملین ٹن فروخت سے 7.91 فیصد کم رہی۔ مالی سال 2021-22 میں سیمنٹ کی مقامی فروخت ایک فیصد کمی سے 47.63 ملین ٹن رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 48.11 ملین ٹن رہی تھی جبکہ سیمنٹ کی ایکسپورٹ مالی سال 2021-22 میں 43.57 فیصد نمایاں کمی سے 5.25 ملین ٹن رہی جو گزشتہ مالی سال 9.31 ملین ٹن رہی تھی۔
جون 2022 کے مہینے میں سیمنٹ کی فروخت 1.01 فیصد اضافہ سے 5.26 ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال جون میں 5.21 ملین ٹن رہی تھی۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جون 2022 میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 6.66 فیصد اضافہ سے 4.97 ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال جون میں 4.66 ملین ٹن رہی تھی۔ جون 2022 میں سیمنٹ کی ایکسپورٹ 47.57 فیصد کی نمایاں کمی سے 2 لاکھ 84 ہزار 471 ٹن رہی جو مالی سال 2020-21 میں 5 لاکھ 42 ہزار 622 ٹن رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
تمام تر شرائط پوری کرنے کے باوجود آئی ایم ایف سے معاہدے کی دستاویز ندارد
دسمبر تک پاکستانی لوڈشیڈنگ اور بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا عذاب برداشت کریں
جون 2022 میں شمالی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں کی مقامی فروخت 6.8 فیصد اضافہ سے 4.12ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال جون میں 3.85ملین ٹن رہی تھی۔ جنوبی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں کی مقامی فروخت جون 2022میں 5.98فیصد اضافہ سے 8 لاکھ 56 ہزار 863 ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال جون میں 8 لاکھ 8 ہزار 490 ٹن رہی تھی۔
جون 2022کے دوران شمالی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں سے سیمنٹ کی ایکسپورٹ 51.79فیصد کی غیرمعمولی کمی سے 97ہزار 163ٹن رہی جو گزشتہ سال جون میں 2لاکھ ایک ہزار 540ٹن رہی تھی۔ جون 2022میں جنوبی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں سے سیمنٹ کی ایکسپورٹ 45.08فیصد کمی سے ایک لاکھ 87 ہزار 308ٹن رہی جو گزشتہ سال جون میں 3لاکھ41ہزار 82ٹن ریکارڈ کی گئی تھی۔
مالی سال 2021-22کے دوران شمالی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں کی مقامی فروخت 39.44ملین ٹن رہی جو گزشتہ مالی سال کی 40.58ملین ٹن فروخت سے 2.81فیصد کم رہی۔ مالی سال 2021-22کے دوران شمالی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں سے سیمنٹ کی ایکسپورٹ 64.52فیصد کمی سے 9لاکھ10ہزار685ٹن رہی جو مالی سال 2020-21کے دوران 2.56ملین ٹن رہی تھی۔
مالی سال 2021-22کے دوران جنوبی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں کی مقامی فروخت 8.74فیصد اضافہ سے 8.19ملین ٹن رہی جو گزشتہ مالی سال میں 7.53ملین ٹن رہی تھی۔ مالی سال 2021-22 کے دوران جنوبی علاقوں سے سیمنٹ کی ایکسپورٹ 35.6فیصد کی نمایاں کمی سے 4.34ملین ٹن رہی جو مالی سال 2020-21کے دوران 6.74ملین ٹن رہی تھی۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے حکومت کی پالیسیوں میں بے یقینی پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایندھن، بجلی، کوئلے اور دیگر خام مال کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ کی وجہ سے سیمنٹ انڈسٹری کو مشکل دور کا سامنا ہے۔ بلند پیداواری لاگت کی وجہ سے مقامی مارکیٹ میں سیمنٹ کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے اور یہی بلند پیداواری لاگت گزشتہ مالی سال سیمنٹ کی ایکسپورٹ میں غیرمعمولی کمی کا بھی سبب بنی رہی۔ ترجمان نے حکومت پر زور دیا کہ پاکستان سے سیمنٹ کی ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے سیمنٹ انڈسٹری کے لیے معاون پالیسیاں تشکیل دی جائیں۔