ایف پی سی سی آئی کی سیاسی جماعتوں سے چارٹر آف اکانومی پر اکٹھے ہونے کی اپیل

صدر ایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ کا کہنا ہے کہ روپے کی بے قدری نیشنل سیکورٹی کا مسئلہ بن گئی ہے۔

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عرفان اقبال شیخ کا کہنا ہے روپے کی بے قدری نیشنل سیکورٹی کا مسئلہ بن گئی ہے، خدانخواستہ ہم سری لنکا والی صورتحال کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر ایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ کا کہنا تھا اس وقت ملک میں پیٹرولیم مصنوعات سمیت تمام اشیائے ضروریہ کی قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر کی تقرری نہ کرنا حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

عرفان اقبال شیخ کا کہنا تھا اگر روپے کی گرتی ہوئی قدر کو روکنا ہے تو اسٹیٹ بینک کو اگلے 15 کے لیے ڈالر کا ریٹ فکس کرنا پڑے گا۔ حکومت اگلے 48 گھنٹوں میں نئے اسٹیٹ بینک کی تعیناتی کو اعلان کرے اور جتنا جلدی ممکن ہو اس کا نوٹی فیکیشن بھی جاری کرے۔

یہ بھی پڑھیے

تاجربرادری نون لیگی حکومت سے مایوس، بڑی توقعات کے امکان کو مسترد کردیا

شہباز حکومت نے 100 دنوں میں معیشت کا بھرکس نکال دیا

صدر ایف پی سی سی آئی کا کہنا تھا روپے کی بے قدری نیشنل سیکورٹی کا مسئلہ بن گئی ہے ، مستقبل کے سودوں میں ڈالر کی خریداری 245 روپے پر ہورہی ہے۔

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کا کہنا تھا حکومت گھروں میں رکھے ڈالرز کو ظاہر کرنے کے لیے اسکیم لائے ، تمام کمرشل بینکس کا فرانزک آڈیٹ ہونا چاہیے ، کمرشل بینکوں پر اسٹیٹ بینک کا کنٹرول بڑھایا جائے۔

صدر ایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ کا کہنا تھا ہماری اس ملک کی تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل ہے کہ خدارا اس ملک پر رحم کریں ، تمام سیاسی جماعتیں چارٹر آف اکانومی پر اکھٹے ہو جائیں تاکہ معاشی بدحالی سے ملک کو نکالا جاسکے۔

متعلقہ تحاریر