شہباز حکومت کا ایک اور یوٹرن، 70 ارب کا منی بجٹ لے آئی
منی بجٹ میں سیلز ٹیکس میں رجسٹرڈ نہ ہونے والے تاجروں کے بجلی کے بلوں پر دوبارہ ٹیکس عائد کردیا ہے۔
وفاقی حکومت 70 ارب سے زائد کا منی بجٹ لے آئی، تاجروں پر پھر فکس ٹیکس لگا دیا گیا، تمباکو پر سیس 10 سے بڑھا کر 390 روپے کر دیا گیا۔
یکم جولائی کو نافذ ہونے والے نئے بجٹ کے ڈیڑھ ماہ بعد منی بجٹ ، صدر مملکت نے دوسرے ٹیکس ترمیمی آرڈیننس پر دستخط کردیئے ہیں۔
منی بجٹ میں سیلز ٹیکس میں رجسٹرڈ نہ ہونے والے تاجروں کے بجلی کے بلوں پر دوبارہ ٹیکس عائد کردیا ہے، لیکن اس کی شرح کم کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان پر فی الوقت ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا
ایف بی آر کے کراچی سمیت 42 شہروں کیلئے پراپرٹی ریٹ جاری
پہلے غیر رجسٹرڈ دکان کے بجلی کے بل پر 3 ہزار روپے اور نان فائلر اور غیر رجسٹرڈ دکاندار پر 6 ہزار روپے فکس ٹیکس تھا اور اب منی بجٹ میں غیر رجسٹرڈ تاجروں کے 20 ہزار سے کم بجلی کے بلوں پر 5 فیصد فکس ٹیکس عائد ہو گا، 20 ہزار سے زائد کے بجلی کے بل پر 7.5 فیصد فکس ٹیکس عائد ہوگا۔
حکومت کو اس اقدام سے تقریباً 27 ارب روپے کے ٹیکسز ملنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ اس سے پہلے بجٹ میں جب یہ اسکیم لائی گئی تھی تو 42 ارب روپے حاصل ہونے کی توقع تھی۔
منی بجٹ کے آرڈینینس کے ذریعے تمباکو پر سیس 10 روپے سے بڑھا کر 390 روپے کلو کردیا گیا۔
آرڈیننس کے مطابق ٹیئر ون کے 1000 سگریٹ پر ٹیکس 5900 روپے سے بڑھا کر 6500 روپے کردیا گیا۔
آرڈیننس کے تحت ٹیئر ٹو کے 1000 سگریٹ پر ٹیکس 1850 روپے بڑھا 2050 روپے کردیا گیا۔
اس طرح منی بجٹ میں سگریٹ انڈسٹری سے 36 ارب روپے کا مزید ٹیکس وصول ہونے کا امکان ہے۔
منی بجٹ کے آرڈیننس کے تحت ڈپلومیٹس کی آمدن پر بجٹ میں غلطی سے لگایا گیا ، انکم ٹیکس ختم کردیا گیا، کویت فارن ٹریڈ کنٹریکٹ کمپنی پر ٹیکس کی چھوٹ بحال کردی گئی۔
زرعی شعبے میں ٹیوب ویل کے پیٹر انجن پر سیلز ٹیکس ختم کردیا گیا۔
منی آرڈیننس کے مطابق فور سیٹر نان اے سی گاڑی پر سالانہ ٹیکس 200 روپے فی سیٹ کردیا گیا، فورسیٹر ایئر کنڈیشنڈ گاڑیوں پر سالانہ ٹیکس 375 روپے فی سیٹ کر دیا گیا۔ دس سیٹر نان اے سی کمرشل گاڑیوں پر 500 فی سیٹ سالانہ ٹیکس عائد ہوگا۔
دس سیٹر ایئر کنڈیشنڈ کمرشل گاڑی پرسالانہ ٹیکس 750 روپے فی سیٹ کر دیا گیا۔
دس سیٹر سے زائد نان اے سی کمرشل گاڑی پر سالانہ ٹیکس 1000 فی سیٹ کردیا گیا۔
آرڈینینس کے مطابق دس سیٹر سے زائد ایئر کنڈیشنڈ گاڑی پر سالانہ ٹیکس 1500 روپے فی سیٹ کر دیا گیا۔
نئے بجٹ کے اعلان، پھر اس کی پارلیمنٹ سے منظوری اور پھر اس پر عمل درآمد کے دوران حکومت 3 بڑے یوٹرن لے چکی ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ منی بجٹ پر حکومت کتنے دن قائم رہتی ہے۔









