پی ایس او کے 87 ارب روپے اداروں میں پھنس گئے، تیل خریدنے کے لالے پڑ گئے

ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ حکومت اگر توانائی کے شعبے میں سرکلر ڈیٹ کا بوجھ کم کرنا چاہتی ہے تو توانائی کے شعبے میں ترسیلی نقصانات کو ہنگامی طور پر کم کرنا ہوگا۔

پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے 87 ارب روپے  پھنس گئے، سرکاری ادارے اور بجلی گھر پی ایس او کے واجبات کلیئر کرنے میں ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔

پاکستان میں پٹرولیم کے شعبے میں فلیگ شپ ادارے پاکستان اسٹیٹ آئل اسی ماہ اگست کے پہلے ہفتے میں ڈیفالٹ سے بال بال بچا اور اس دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے وفاقی حکومت کو ہنگامی طور پر  فنڈز پی ایس او کو جاری کرنا پڑے۔

اس سلسلے میں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے یکم اگست  92 ارب روپے دینے کے پلان منظور کیا۔

اس طرح پی ایس او کے ڈیفالٹ کا خطرہ ٹل گیا،  حکومت کو پی ایس او کی مالی حالت پر رحم آگیا، فوری 30 ارب کی گرانٹ دی گئی، ساتھ ہی یہ روڈ  میپ بھی طے پایا کہ یکم تا 14 اگست تک مجموعی طور پر 92 ارب روپے ملیں گے۔

یہ بھی پڑھیے

ڈالر پھر بے قابو، انٹر بینک میں ڈیڑھ روپے اور اوپن مارکیٹ میں 7 روپے مہنگا ہوگیا

ڈیجیٹل اوشین کی پاکستانی کمپنی کلاؤڈ ویز میں 350 ملین ڈالرزکی سرمایہ کاری

 تصویر کا دوسرا رخ یہ ہے کہ سرکاری ادارے اور بجلی گھر پاکستان اسٹیٹ آئل کے واجبات کلیئر کرنے میں تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں۔

صورت حال یہ ہے کہ پی ایس او نے مختلف اداروں سے 87 ارب 40 کروڑ روپے وصول کرنے ہیں۔

واپڈا جینکوز تھری کے ذمہ 41.8 ارب روپے کے بقایاجات ہیں ، حبکو کے ذمہ 25 ارب اور کیپکو کے ذمہ 16.6 ارب روپے واجب الادا ہیں۔

پی ایس او کے پی آئی اے کے ذمہ 4 ارب روپے کے واجبات ہیں ، 36 ارب کی تاحال ادائیگیاں نہ ہونے کے باعث آڈٹ پیرا موخر کر دیا گیا۔

سیکرٹری توانائی نے انکشاف کیا کہ توانائی شعبے کا گردشی قرضہ 2600 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے، گزشتہ چار سال میں گردشی قرضے میں 1600 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔

ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ حکومت اگر توانائی کے شعبے میں سرکلر ڈیٹ کا بوجھ کم کرنا چاہتی ہے تو توانائی کے شعبے میں ترسیلی نقصانات کو ہنگامی طور پر کم کرنا ہوگا اور گزشتہ دنوں عوام سے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جو رقم وصول کی جا رہی ہے اسے سرکلر ڈیٹ کی ادائیگی میں خرچ کرنا ہوگا ، ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ غیرمعیاری اور مہنگے بجلی گھروں سے پیداوار کا سلسلے روکا جائے۔

متعلقہ تحاریر