سبزیوں کی قیمتیں آسمان پر ، عوام وزیراعظم کی راہ تکنے لگے

عوام نے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وجوہات کچھ بھی ہوں مہنگائی نے ان کا جینا اجیرن کر دیا ہے۔

ملک بھر میں سبزیوں کے ریٹ آسمان سے باتیں کرنے لگے ، سبزیوں کے ریٹ میں 100 سے 200 روپے کلو تک اضافہ ، پریشان عوام جائے تو کہاں جائے۔

نیوز 360 کے سروے کے مطابق ادرک 400 روپے کلو تک جا پہنچا ہے جبکہ لہسن 350 روپے کلو تک جا پہنچا ہے۔

سروے کے مطابق پیاز 70 روپے سے بڑھ 270 روپے کلو تک جا پہنچا اسی طرح سے ٹماٹر 80 روپے فی کلو سے بڑھ  کر 300 روپے کلو تک جا پہنچا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

قومی ایئر لائن پی آئی اے کو چھ ماہ میں 42 ارب روپے کا نقصان

سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا پاکستان میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کاحکم

نیوز 360 کے تازہ ترین سروے کے مطابق آلو 40 روپے سے بڑھ کر 80 روپے کلو تک جا پہنچا ہے اور بھنڈی 60 سے بڑھ 150 روپے کلو ہوگئی۔

تازہ ترین سروے کے مطابق شملہ مرچ 80 سے بڑھ کر 180 روپے کلو ہوگئی ہے اور گھیا کدو 60 سے بڑھ کر 160 روپے کلو تک پہنچ چکا ہے۔

نیوز 360 کے نامہ نگار سے بات چیت کرتے ہوئے دکان داروں کا کہنا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے سبزیوں کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا جس کی وجہ سے سبزیاں پیچھے مہنگی آرہی ہیں اس لیے ہمیں بھی مجبوراً مہنگی بیچنے پڑ رہی ہیں۔

دوسری جانب عوام نے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وجوہات کچھ بھی ہوں مہنگائی نے ان کا جینا اجیرن کر دیا ہے۔ اگر یہی صورتحال رہی تو پانی اور ہوا پر گزر بسر کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم تو ایک وقت کا کھانا کم کرسکتے ہیں مگر بچوں کا کیا کریں گے جنہیں چار چار مرتبہ بھوک لگ جاتی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کو ان کا وعدہ یاد دلاتے ہوئے شہریوں کا کہنا تھا کہ وزیراعظم صاحب اپنے کپڑے بھلے سے نہ بیچیں مگر ہمیں ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات کریں، قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو متحرک کیا جائے ، دفتروں اور گھروں میں بیٹھ کر جو لوگ تنخواہیں لے رہے ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

متعلقہ تحاریر