انڈس موٹرز اور ملت ٹریکٹرز کے بعد مزید 2 کمپنیوں نے پیداوار بند کردی

امریلی اسٹیلز کا 31اگست سے 19ستمبر اور بولان کاسٹنگز کا یکم ستمبر سے 13ستمبر تک پیداوار بند رکھنے کا اعلان

درآمدی  پرزہ جات کی کمی اور ملک بھر میں سیلاب کی تباہ کاریوں  کے باعث ترسیل میں خلل  پیدا ہونے کے باعث انڈس موٹرز کمپنی لمیٹڈ اور ملت ٹریکٹرز لمیٹڈ کی جانب سے پیداوار بند کرنے کےاگلے ہی روز مزید 2کمپنیوں نے ناموافق معاشی حالات کے  پیش نظر اپنے پلانٹس   عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کردیا۔

ملک  میں تعمیرات میں استعمال ہونے والے سریے کی سب سے بڑی پیداواری کمپنی امریلی اسٹیلز لمیٹڈ نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ کہا کہ ملک سریے کی طلب میں کمی کے باعث کمپنی نے اپنا پلانٹ 20 دن کیلیے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

آئی ایم ایف سے 1.16 ارب ڈالر کی قسط موصول، معیشت کی جان میں جان آگئی

حکومت کا ایران اور افغانستان سے ٹماٹر اور پیاز درآمد کرنے کا فیصلہ

امریلی اسٹیلز نے ملک بھر میں مون سون کی بدترین بارشوں اور اچانک آنے والے سیلاب کو فیصلے کی وجہ قرار دیا ہے۔کمپنی نے مزید کہا ہے کہ 31اگست سے 19ستمبر تک پیداوار بند رہے گی،کمپنی کے آپریشنزکی بحالی یا پیدار کی معطلی میں مزید توسیع کا فیصلہ حالات کو مدنظررکھ کر کیا جائے گا۔

 دوسری جانب ٹریکٹرز اور آٹوموٹو پارٹس کی کاسٹنگ اور فروخت سے منسلک  ملت ٹریکٹرزلمیٹڈ کی ذیلی کمپنی بولان کاسٹنگز لمیٹڈ نے بھی  آج سے 13 ستمبر تک پیداوار کو عارضی طور پر روکنے کا اعلان کیا ہے۔

 کمپنی نے کہا ہے کہ  ”تباہ کن سیلاب کے پیش نظرملک کی سڑکوں اور کھیت کے بنیادی ڈھانچے کو بری طرح نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے ٹریکٹرز کی ترسیل بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ اس کے نتیجے میں، ہمارے ٹریکٹروں کی کاسٹنگ کی مانگ میں زبردست کمی آئی ہے ۔

یاد رہے اس سے قبل منگل  کو انڈس موٹرز کمپنی لمیٹڈ اور ملت ٹریکٹرز لمیٹڈ نے  پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کیا تھا کہ درآمدی پرزہ جات کی فراہمی میں تاخیراور سیلاب کے نتیجے میں ترسیل کا عمل شدید متاثرین ہونے کے باعث وہ اپنی پیداوار روک رہے ہیں۔

انڈس موٹرز نے  اپنی پیداوار یکم سے 16 ستمبر تک بند رکھنے کااعلان کیا تھا جبکہ  ملت ٹریکٹرز نے اپنی پیداوار 31 اگست سے 16ستمبر تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ تحاریر