مہنگائی 30.32فیصدتک جاپہنچی،کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں زبردست اضافہ
حالیہ ہفتے دودھ، دہی، بیف، مٹن، دال، چائے، لہسن، چاول سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ زندہ مرغی 300 روپے کلو، انڈے 276 روپے درجن ہوگئے۔

ملک میں مہنگائی کا سلسلہ جاری ہے اور مہنگائی کی مجموعی شرح 30.32 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ ایک ہفتے میں 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔
ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمارجاری کردیے۔ اعداد و شمار کے مطابق ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی 0.48 فیصد مزید بڑھ گئی ہے۔ خاص طور پر کھانے پینے کی اشیا کے دام میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
بدترین معاشی صورتحال: شرح سود میں ایک فیصد اضافہ، زرمبادلہ میں 134ملین ڈالر کی کمی
وفاقی حکومت نے چار ماہ کےدوران میں سوا 4 ارب ڈالر کے قرضے لے لیے
حالیہ ہفتے چینی کہ فی کلو قیمت میں اوسط 1 روپے 20 پیسے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ملک میں انڈے کی فی درجن قیمت میں 21 روپے 50 پیسے کا اضافہ ہوا۔ ملک میں انڈوں کی فی درجن قیمت 276 روپے ہو گئی۔ زندہ مرغی 12 روپے 60 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی ہے۔ زندہ مرغی 299 روپے 39 پیسے فی کلو ہوگئی ہے۔
حالیہ ہفتے پیاز 4 روپے 48 پیسے فی کلو اور آلو ایک روپے 94 پیسے فی کلو مہنگاہوا۔ حالیہ ہفتے دودھ، دہی، بیف، مٹن، دال، چائے، لہسن، چاول سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
نیوز 360 کے سروے کے مطابق پاکستان شماریات بیورو کے اعداد و شمار میں مارکیٹ کی اصل صورت حال سے کم ظاہر کیے گئے ہیں۔ نیوز 360 کے سروے کے مطابق انڈے 30 روپے درجن مہنگے ہوکر 290 روپے ہوچکے ہیں اور زندہ مرغی 20 روپے فی کلو اضافہ کے بعد 310 روپے فی کلو ہے۔
سروے کے مطابق پیاز 10 روپے اضافے کے بعد 260 روپے ، ٹماٹر 10 روپے اضافے کے بعد 270 روپے جبکہ آلو 10 روپے اضافے کے بعد 110 روپے کلوہوگیا ہے۔ دودھ 10 روپے کے بعد 180 اور دہی 10 روپے اضافے کے بعد 190 سے 200 روپے کلو ہوگیا ہے۔ چاول 20 روپے کلو اضافے کے بعد 310 اور چینی 5 روپے کلو اضافے کے بعد 95 سے 100 روپے کلو ہے۔









