یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹے، چینی اور گھی کی قیمتوں میں 25سے 62فیصد تک اضافہ
چینی 27فیصد اضافے کے بعد 70 روپے سے بڑھا کر 89 روپے فی کلو، گھی 75 روپے فی کلو اضافے کے بعد 375 روپے فی کلو جبکہ آٹا 62 فیصد اضافے کے بعد 40 روپے سے بڑھا کر 64.8 روپے فی کلو کردیاگیا۔
حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کے لیے آٹے، چینی اور گھی کی قیمتوں میں 25 سے 62 فیصد تک اضافہ کردیا تاکہ غیرمتعین رعایت کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سے مستفید ہونے والے افراد قیمتوں میں اضافے سے مستثنیٰ ہوں گے جبکہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن سے رعایتی خریداری کی حد کو بھی کم کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
آئی ایم ایف پروگرام بحال نہ ہونے کی صورت میں پاکستان 10 جنوری تک ڈیفالٹ کرسکتا ہے
پاکستان ریلویز دیوالیہ ہونے کے قریب، 3دن کے ذخیرے کیساتھ ٹرینیں چلانے کاانکشاف
یو ٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے گزشتہ ہفتےوفاقی کابینہ کی جانب سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سبسڈیز کے ہائبرڈ ماڈل کو ختم کرنے کی سفارش کی منظوری کےبعد ہفتے کو نئےسال کے موقع پر قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا
اتوار سے لاگو ہونے والے نئے نرخوں کے تحت چینی کی قیمت27فیصد اضافے کے بعد 70 روپے فی کلو سے بڑھا کر 89 روپے کر دی گئی ہے۔ اسی طرح گھی کی قیمت 75 روپے فی کلو اضافے کے ساتھ 375 روپے ہو گئی ہے جبکہ گندم کے آٹے کی قیمت62فیصداضافے کے بعد 40 روپے سے بڑھ کر 64.8 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔
یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے ایک بیان میں کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اسکور کارڈ میں اور پی ایم ٹی 32 سے نیچے رجسٹرڈ غریب آبادی (غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد کی نشاندہی سے متعلق پراکسی مینز ٹیسٹ) خصوصی ٹارگٹڈ سبسڈی کے اہل رہیں گی۔ انہیں10کلو آٹے کا تھیلا 400 روپے، گھی 300 روپے فی کلو اور چینی 70 روپے فی کلو ملتی رہے گی، انہیں دالوں اور چاول پر بھی 15سے20 روپے فی کلو رعایت ملے گی ۔
تاہم رعایت کا غلط استعمال روکنےکے لیے ان کی ماہانہ خریداری کی حد محدود کردی گئی ہے۔ لہٰذاپی ایم ٹی 32 کے تحت بی آئی ایس پی کے مستفید ہونے والوں کو ماہانہ زیادہ سے زیادہ 40 کلو آٹا، 5 کلو چینی اور 5 کلو گھی خریدنے کی اجازت ہوگی۔
یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے دیگر تمام صارفین کو اب10کلو آٹے کا تھیال 648 روپے، گھی اور چینی بالترتیب 375 روپے اور 89 روپے فی کلو فراہم کی جائے گی۔
ان صارفین کی ماہانہ خریداری پر بھی ایک حد ہوگی اور انہیں ماہانہ 20 کلو آٹا اور 3 کلو سے زیادہ چینی اور گھی خریدنے کی اجازت نہیں ہوگی۔اس کیٹیگری کے لوگ پہلے 40 کلو آٹا اور 5 کلو گھی اور چینی کے لیے اہل تھے۔ یو ٹیلٹی اسٹور زکارپوریشن نے کہا کہ اس کیٹیگری کیلیے دالوں اور چاول پر 15سے20 روپے کی رعایت بھی دستیاب ہوگی۔
یو ٹیلٹی اسٹوزکارپوریشن نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر خیبرپختونخوا کے عوام کو مقررہ سیلز پوائنٹس اور موبائل یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے 400 روپے فی 10 کلو گرام کے حساب سے آٹا فراہم کیا جائے گا۔
یو ٹیلٹی اسٹوزکارپوریشن کے صارفین کو 5566 پر ایس ایم ایس کے ذریعے اسٹور پر جانے سے پہلے اپنی ماہانہ خریداری کی اہلیت کو جانچنا ہوگا تاکہ انہیں سبسڈی کے حصول کے لیے ایک وقتی پاس ورڈ اور قومی شناختی کارڈ کی تصدیق فراہم کی جائے۔جس کے بعد وہ اپنی پسند کے کسی بھی یوٹیلٹی اسٹور سے رابطہ کر سکیں گے اور او ٹی پی دکھا کر سبسڈی والی اشیا حاصل کر سکیں گے۔
یو ٹیلٹی اسٹوزکارپوریشن نے کہا کہ نیا نظام سبسڈی والی اشیائے ضروریہ (آٹا، گھی، چینی، دال اور چاول) کی شفاف فراہمی کو یقینی بنانے اور مستحق غریب لوگوں کو سہولت فراہم کرنے اور سبسڈی کے ضیاع سے بچنے کے لیے لاگو کیا گیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ صارفین کو سبسڈی والی اشیا کے علاوہ دیگر اشیاءخریدنے کے لیے قومی شناختی کارڈ اور اوٹی پی کی ضرورت نہیں ہوگی۔
یو ٹیلٹی اسٹوزکارپوریشن نے کہا کہ نیا نظام جدید ڈیجیٹل ذرائع سے سبسڈی کو ہدف بنائے گئے خاندانوں تک پہنچانے، کارکردگی کو بہتر بنانے اور پورے نظام کو شفاف بنانے میں مدد کرے گا۔ یو ٹیلٹی اسٹوزکارپوریشن اس وقت ملک بھر میں 4ہزار آؤٹ لیٹس اور ایک ہزار فرنچائزز کے ذریعے ڈیڑھ کروڑ سے زیادہ صارفین کو اپنی خدمات فراہم کر رہا ہے۔