تحریک انصاف کے وائٹ پیپر سے پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا، اسحاق ڈار
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا ہے گمراہ کن وائٹ پیپر جاری کرکے تحریک انصاف ملکی معیشت کو ڈبونے کے اپنے کارناموں کو نہیں چھپا سکتی۔
تحریک انصاف کا وائٹ پیپر حکومت کو لڑ گیا، وزیر خزانہ اسحاق ڈار حکومتی دفاع میں سامنے آگئے، وائٹ پیپر کے جواب میں کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ ہوگا نہ سیاسی مخالفین کا پروپیگنڈا دیر تک چلے گا۔
اسحاق ڈار نے تحریک انصاف کے وائٹ پیپر کو گمراہ کن اور حقائق کے برعکس قرار دے کر مسترد کردیا۔ کہتے ہیں یہ وہی جماعت ہے جس نے اپنے دور حکومت میں تنقید کے سوا کچھ نہیں کیا۔ وینٹی لیٹر پر معیشت لانے والوں کو حق نہیں کہ بیانات سے معیشت کو مزید نقصان پہنچائیں۔
اسحاق ڈار نے ڈیفالٹ کے خطرات کو پروپیگنڈا قرار دے دیا۔ کہتے ہیں خود دوران حکومت صرف تنقید کرنے والے ہمیں معیشت ٹھیک کرنے نہیں دے رہے۔ گمراہ کن وائٹ پیپر جاری کرکے تحریک انصاف ملکی معیشت کو ڈبونے کے اپنے کارناموں کو نہیں چھپا سکتی۔
یہ بھی پڑھیے
شہباز شریف حکومت کی ناقص معاشی پالیسیز ، برآمدات میں 16 فیصد کمی ریکارڈ
اسٹاک ایکسچینج ڈاؤن مگر ڈالر اور سونا مسلسل بلندی کی جانب رواں دواں
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا کہ ن لیگ کے گزشتہ دور میں ملکی معیشت تیزی سے ترقی کررہی تھی ، ن لیگ کے دور میں معاشی شرح نمو 6.1 فیصد تھی۔ پی ٹی آئی کو 2018 میں مستحکم معیشت کا حامل پاکستان ملا مگر وہ سیاسی مخالفین کی پگڑیاں اچھالنے کے سوال کچھ نہ کرسکے۔
سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے دور میں مالیاتی خسارہ عروج پر پہنچا، وہ معاشی شرح نمو کم کر کے 3.12 فیصد پر لائی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ہمارے دور میں دہشتگردی کی فضا تھی، پی ٹی آئی نے کسی سیکیورٹی آپریشن کیلئے فنڈز مختص نہیں کیے، پی ٹی آئی دور میں لوڈشیڈنگ کے معاملے پر توجہ نہیں دی گئی، پم نے ضرب عضب جیسے چیلنجز اور بجلی کے شارٹ فال کو ختم کیا۔
انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کے لیے ایف بی آر نے محصولات کا ہدف 7470 ارب روپے مقرر کیا ہے، موجودہ حکومت نے 6 ماہ کی مختصر مدت میں 3000 ارب سے زائد محصولات اکٹھے کیے۔