سعودی عرب کا اسٹیٹ بینک میں ڈیپازٹ 5 ارب ڈالر تک بڑھانے پر غور
ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانےکاجائزہ لینے کی بھی ہدایت کردی،پیش رفت ولی عہد شہزادہ محمد اور وزیراعظم شہبازشریف کے حالیہ رابطوں کے بعد سامنے آئی ہے، سعودی میڈیا
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے دورہ سعودی عرب اور وزیراعظم شہبازشریف کے سعودی ولی عہد سے حالیہ رابطے کے بعد ڈیفالٹ کے خطرے سے دوچار پاکستانی معیشت کیلیے حوصلہ افزا خبریں آنا شروع ہوگئیں۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اسٹیٹ بینک میں ڈیپازٹ کی گئی رقم کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے اور پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کو 10 ارب ڈالر تک لے جانے کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی۔
یہ بھی پڑھیے
احسن اقبال نے ڈالر اکاؤنٹس فریز کرنے کے ممکنہ اقدام کو مسترد کردیا
آئی ایم ایف کے مطالبات اسحاق ڈار کے لیے انتہائی کڑوی گولی بن گئے
سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان میں مملکت کی سرمایہ کاری کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔
#BREAKING: Crown Prince Mohammed bin Salman directs to study increasing #Saudi investment in #Pakistan to $10 billion pic.twitter.com/GI3f6alOz1
— Saudi Gazette (@Saudi_Gazette) January 9, 2023
انہوں نے سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ کو پاکستان کے مرکزی بینک میں سعودی ڈپازٹ کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا مطالعہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔پاکستان میں سرمایہ کاری کا اعلان اس سے قبل اگست میں کیا گیا تھا۔ سنٹرل بینک میں سعودی ڈپازٹ میں دسمبر میں توسیع کی گئی تھی۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شہزادہ محمد کی ہدایات پاکستان کی معیشت اور اسکے عوام کے حق میں مملکت سعودیہ کے موقف کی تائید کرتی ہیں۔سعودی میڈیا کے مطابق حالیہ پیش رفت ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیراعظم پاکستان شہبازشریف کے مابین حالیہ روابط کے نتیجے میں سامنے آئی ہیں۔
دریں اثنا آرمی چیف جنرل عاصم منیر اپنا دورہ سعودی عرب مکمل کرنے کے بعد یواے ای پہنچ گئے ہیں جبکہ وزیراعظم شہبازشریف بھی آج متحدہ عرب امارات پہنچ رہے ہیں۔آرمی چیف اور وزیراعظم اماراتی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جس کے نتیجے میں ڈیفالٹ کے خطرے سے دوچار پاکستانی معیشت کو مزید مالی معاونت ملنے کی توقع ہے۔