اسٹاک ایکسچینج میں منفی رجحان، اوپن مارکیٹ میں ڈالر مزید ایک روپے مہنگا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج معمولی کمی دیکھی گئی اور 100انڈیکس 43 پوائنٹس کمی سے سے 40 ہزار 758 پر بند ہوا جبکہ روپے پر ڈالر کا دباؤ آج بھی برقرار رہا، اوپن مارکیٹ میں ایک روپے اضافے سے ڈالر 238 روپے کا ہوگیا ہے جبکہ انٹربینک  میں بھی 5 پیسے مہنگا ہوا تاہم صرافہ بازار میں آج مسلسل دوسرے روز بھی سونے کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی

سال رواں کے دوسرے کاروباری ہفتے کے تیسرے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منفی رجحان دیکھا گیا جبکہ کرنسی مارکیٹ میں بھی پاکستانی روپے پر امریکا ڈالر کا دباؤ برقرار رہا ۔

کاروباری ہفتے کے دوسرے روز پاکستان پاکستان اسٹاک ایکسچینج معمولی کمی دیکھی گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر ایک روپے مہنگا ہوگیا۔ انٹر بینک میں بھی ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا ۔

یہ بھی پڑھیے

حکومت کی غیر واضح پالیسی سے تاجروں کو نقصان اٹھانا پڑرہا ہے، زبیر موتی والا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا۔ حصص بازار کا 100 انڈیکس 43 پوائنٹس کی کمی سے 40 ہزار 758 پر بند ہوا۔ آج بازار میں تقریباً 19 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے ۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج  کاروبار کی مالیت 6 ارب 98 کروڑ روپے رہی جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 6 کروڑ 74 لاکھ روپے اضافے کے بعد  بڑھ کر  6491 ارب روپے ہوگئی  ہے۔

گزشتہ روزپاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 296 پوائنٹس اضافے سے40 ہزار801 پر بند ہوا تھا جبکہ کل حصص بازار میں21 کروڑ شیئرز کا لین دین کیا گیا تھا ۔

رواں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا100انڈیکس 502 پوائنٹس کمی سے 40 ہزار504 پر بند ہواتھا۔ حصص بازار میں ایک اعشاریہ 23 فیصد تک کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی ۔

دوسری جانب پاکستانی روپے پر امریکی ڈالر کا دباؤ آج بھی برقرار رہا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے مہنگا ہوا جبکہ انٹر بینک میں بھی ایک ڈالر کی قدر میں 5 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا ہے ۔

اسٹیٹ بینک پاکستان  کے اعداد و شمار کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 5 پیسے مہنگا ہوکر 227 روپے 93 پیسے کا ہوگیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر  ایک روپیہ مہنگا 238 روپے کا ہوگیا  ہے۔

صرافہ بازار میں آج مسلسل دوسرے روز بھی سونے کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی ۔صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق  فی تولہ سونا 1800 روپے کمی سے ایک لاکھ 80 ہزار روپے پر آگیا ۔

صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق دس گرام سونا بھی 1543 روپے کمی سے ایک لاکھ 54 ہزار321 روپے کا ہوگیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی فی تولہ سونا 3 ہزار 300 روپے سستا ہوا تھا ۔

متعلقہ تحاریر