اسحاق ڈار کی اماراتی حکومت کے 2 ارب ڈالر رول اوور کیے جانے کی تصدیق

جب تک آئی ایم ایف پاکستان کا پروگرام بحال نہیں کرتا اور سیاسی عدم استحکام ختم نہیں ہوتا اس وقت تک معیشت پر خوف کے سائے منڈلاتے رہیں گے، معاشی ماہرین

وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے اماراتی حکومت کیجانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں رکھوائے گئے 2 ارب ڈالر رول اوور  کیے جانے کی تصدیق کردی۔

گزشتہ روز گورنر اسٹیٹ بینک نے پریس کانفرنس کے دوران 2 ارب ڈالر رول اوور کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان کے قریب ترین حلیف امریکا اور سعودیہ بھی اب بغیر شرائط امداد نہیں دیں گے

عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 1.1 ارب ڈالر کا قرضہ موخر کردیا

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ ہفتے متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے کے دوران صدر یو اے ای سے 2 ارب ڈالر رول اوور کرنے پر بات چیت کی تھی۔

وزیرخزانہ نے اپنی ٹوئٹ میں پاکستان متحدہ عرب امارات دوستی زندہ باد بھی لکھا۔واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ ہفتے ابوظبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی جس میں  دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاتھا۔

اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے صدر نے 2 ارب ڈالر کے قرض کو رول اوور کرنے اور ایک ارب ڈالر اضافی قرض دینے کا اعلان کیاتھا۔دریں اثنا معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ یو اے ای کی جانب سے 2 ارب ڈالر ٹرن اوور کیے جانے سے پاکستانی معیشت پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ جب تک آئی ایم ایف پاکستان کا پروگرام بحال نہیں کرتا اور سیاسی عدم استحکام ختم نہیں ہوتا اس وقت تک معیشت پر خوف کے سائے منڈلاتے رہیں گے۔

متعلقہ تحاریر