ایکسچینج کمپنیز کا ڈالر سے کیپ ہٹانے کا فیصلہ، ڈالر 260 روپے تک جانے کا امکان

ڈالر ریٹ پر کیپ لگانے کا فیصلہ منفی ثابت ہوا، مارکیٹ سے ڈالر غائب ہوگیا اور بلیک مارکیٹ وجود میں آگئی، کیپ ہٹانے سے بلیک مارکیٹ کا خاتمہ ہوگا آج ڈالر کا مارکیٹ ریٹ 250 روپے سے زیادہ ہوگا، ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے اجلاس میں فیصلہ

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن (ای سی اے پی) نے  مارکیٹ میں ڈالر کی دستیابی یقینی بنانے اور بلیک مارکیٹ  کے خاتمے کیلیے  ڈالر ریٹ  پرلگایا گیا کیپ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کااجلاس گزشتہ روز چیئرمین ملک بوستان ہوتی کی زیرصدارت منعقد ہوا ۔ جس میں ملک بھر کے اعلی عہدیداران جس میں جنرل سیکرٹری ظفر پراچہ صاحب، حاجی رمضان صاحب، حاجی ہارون صاحب،حاجی مرید حسین صاحب اور دیگر تمام اعلی عہدیدران نے بھرپور شرکت کی ۔

یہ بھی پڑھیے

آئی ایم ایف پاکستان سے قرض کی نویں قسط کیلئے بات چیت پر رضامند

اسٹاک میں زبردست تیزی کے باوجود ڈالر کی اونچی اڑان کا سلسلہ جاری رہا

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایسوسی ایشن نے ڈالر ریٹ پر وقتی طور پر جو کیپ لگایا تھا اسے ہٹادیا جائے کیونکہ یہ فیصلہ منفی ثابت ہوا ہے۔اس کے نتیجے  میں ڈالر کے ریٹ کم ہونے کے بجائے بڑھ گئے اور مارکیٹ میں ڈالر دستیاب نہیں تھا جس کی وجہ سے بلیک مارکیٹ وجود میں آگئی اور ضرورت مند افراد بیرون ملک زیرتعلیم بچوں کی فیسوں کی ادائیگی کیلیے  بلیک مارکیٹ سے ڈالر خریدنے پر مجبور ہوگئے  تھے جس کی وجہ سے مارکیٹ میں افراتفری کی صورتحال پیدا ہوگئی جو اسٹیٹ بینک اور ایکسچینج کمپنیوں کی بدنامی کا سبب بن رہی تھی۔

 اجلاس میں بتایا گیا کہ مارکیٹ میں  ڈالر کی مصنوعی طلب پیدا کی گئی، لوگ ایکسچینج کمپنیز سے ڈالر خرید کر گرے مارکیٹ میں بیچ رہے تھے، گرے مارکیٹ دن بدن زرمبادلہ کا کام اپنی طرف منتقل کررہی تھی ، ڈالر کا مارکیٹ ریٹ 250 روپے سے زیادہ ہے۔

ایکسچینج کمپنیزایسوسی ایشن کے مطابق ڈالر بیچنے والے کو ریٹ ملے گا تو وہ ہمارے پاس آئے گا اور  ہم سے ، ڈالر خرید کر گرے مارکیٹ میں بیچنے والے بھی کٹ جائیں گے، کل سے اس پر عمل درآمد ہوگا،ضرورت پرنوک پلک درست کرِیں گے۔ایسوسی ایشن نے کہا کہ کیپ کرنے کا فیصلہ ہمارا اپنا تھا، ختم کرنے کا فیصلہ بھی ہماراہے۔

دریں اثنا کرنسی مارکیٹ کے ذرائع   نے نیوز 360 کو بتایا ہے کہ ایکسچینج کمپنیوں کی جانب سے ڈالر پر سے کیپ ہٹائے جانے کے بعد آج اوپن مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر ڈالر کا ریٹ 255 سے 260 روپے کے درمیان ہوگا۔

متعلقہ تحاریر