200 روپے دو ورنہ 500 کا چالان ہوگا
نیوز 360 کو کراچی کے ایک شہری کی جانب سے ایک ویڈیو موصول ہوئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خالی سزوکی پک اپ کا چالان کیا جا رہا ہے۔ شہری نے موبائل کی مدد سے ویڈیو بنائی ہے جس میں پس پردہ آواز میں کہا جا رہا ہے کہ پہلے پولیس کے کانسٹیبل نے شہری کی گاڑی کو روکا اور اُس سے 200 روپے مانگے لیکن جب اس نے منع کر دیا تو اُس کو 500 روپے کا جرمانہ کردیا۔
شہری کو بار بار کہتے سنا جا سکتا ہے کہ مجھ سے رشوت طلب کی جو میں نے نہیں دی تو چالان کردیا جس پر ٹریفک کانسٹیبل نے ایک بار بھی انکار نہیں کیا اور لفظوں کی تکرار جاری رہی۔ کانسٹیبل نے دوران گفتگو ایک بار بھی شہری کا جرم نہیں بتایا جس کی وجہ سے اُس نے چالان کاٹا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
سندھ پولیس کے افسر کا پیپلزپارٹی اور ڈاکوؤں میں رابطوں کا الزام
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ دیر تکرار کے بعد ٹریفک کانسٹیبل وہاں سے جانے لگے لیکن بعد میں شہری اور ان کے درمیان نوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گئی لیکن ویڈیو وہیں ختم ہو گئی۔
نیوز 360 شہری صحافت یا سٹیزن جرنل ازم کو فروغ دینا چاہتا ہے اور اگر آپ بھی کسی مسئلے کی جانب نشاندہی کرنا چاہتے ہیں تو نیوز 360 کو اپنی ویڈیوز ارسال کر سکتے ہیں۔