نادیہ خان نے خواتین کی مالی خودمختاری کو بھی طلاقیں بڑھنے کی وجہ قراردیدیا
اب خواتین مالی طور پر آزاد ہیں، تو انہیں یہ مسئلہ نہیں ہوتا کہ طلاق کے بعد انہیں کون سنبھالے گا وہ اپنا خیال خود رکھ سکتی ہیں اس لیے اب وہ بھی کوئی غلط بات برداشت نہیں کرتیں، اداکارہ و میزبان کا انٹرویو
پاکستان کی معروف میزبان و اداکارہ نادیہ خان نےخواتین کے مالی طور پر مستحکم ہونے کو بھی معاشرے میں طلاق کی شرح بڑھنے کی ایک وجہ قرار دیدیا۔
نادیہ خان نے حال ہی میں یوٹیوبر حافظ احمد کو دیے گئے انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا آج کل شادیاں ٹوٹنے کی وجہ بے وفائی ہے کیونکہ اگر دیکھا جائے تو 90 کی دہائی میں کسی لڑکے کو کوئی لڑکی اچھی لگتی تھی تو اس کے لیے بہت مشکل ہوتا تھا کہ وہ اس لڑکی سے بات کرسکے۔
یہ بھی پڑھیے
نادیہ خان کی قومی ٹیلی وژن پر بیٹھ کر ذومعنی گفتگو کرنے کی پرانی وڈیو وائرل
نادیہ خان کا احسن خان پر طنز ، احسن خان قہقہ لگانے پر مجبور ہوگئے
انہوں نے کہا آج کل سوشل میڈیا کے دور میں یہ چیز بہت آسان ہوگئی ہے، لوگ ڈیٹ پر جاتے ہیں، گھروں میں چلے جاتے ہیں، پہلے ایسا نہیں تھا، اب لڑکوں کو اپنے ارد گرد بہت ساری لڑکیاں آرام سے مل جاتی ہیں، اسی لیے افیئر آسان ہوگئے ہیں، تو اس لیے انہیں اپنے گھر میں موجود بیوی سمجھ میں نہیں آتی اور انہیں اپنی بیوی سے بوریت ہونے لگتی ہے۔
نادیہ خان نے مزید کہا کہ میں ایسی بہت سی لڑکیوں کو جانتی ہوں جن کے شادی شدہ مردوں کے ساتھ افیئرز ہیں اور مجھے یہ سب کچھ دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے، مرد جھوٹ بہت بولتے ہیں یہاں تک کہ گھر والوں سے چھپ کر دوسری شادیاں کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں لڑکیاں بھی غلط ہیں ان کا اپنا ایک اصول ہونا چاہیے کہ اگر کوئی آدمی شادی شدہ ہے تو انہیں اس کے ساتھ کوئی رشتہ نہیں رکھنا چاہیے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ کچھ لڑکیوں کا ایک مسئلہ یہ بھی ہے کہ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ کوئی پیسے والا بندہ مل جائے جو فوراً کوئی جائیداد ان کے نام کرے یا پھر 3،4 کروڑ کی بڑی رقم ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کروادے۔
نادیہ خان نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ طلاق کی شرح بڑھنے کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ اب خواتین مالی طور پر آزاد ہیں، تو انہیں یہ مسئلہ نہیں ہوتا کہ طلاق کے بعد انہیں کون سنبھالے گا وہ اپنا خیال خود رکھ سکتی ہیں اس لیے اب وہ بھی کوئی غلط بات برداشت نہیں کرتیں۔