بیٹے میری فلم دیکھ کر رودیے، بولے ماں ہمیں آپ پر فخر ہے، جمائما گولڈ اسمتھ

بیٹے جانتے تھے کہ میں نے فلم پر کتنی محنت کی ہے، اس وقت میں نے سوچا کہ اب اگر کوئی اس فلم کو پسند نہیں بھی کرتا تو یہ ایک ایسا لمحہ ہے جس پر مجھے ہمیشہ فخر رہے گا، فلمساز کا انٹرویو

سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ  عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ گولڈ اسمتھ نے کہا ہےکہ ان کے بیٹے ان کے سب سے بڑے ناقد ہیں، بیٹوں نے فلم دیکھی تو ان کی آنکھوں میں آنسوآگئے اور انہوں نے کہاکہ ماں ہمیں آپ پر فخر ہے، بیٹوں کو فلم بے حد پسند آئی۔

جمائما گولڈ اسمتھ نے جیونیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں  اپنی آنے والی فلم”واٹس لوو گاٹ ٹوڈو وِد اِٹ“ سے متعلق تفصیلی گفتگو کی ۔

یہ بھی پڑھیے

جمائما گولڈ اسمتھ نے اپنی فلم کو پاکستان میں گزرے وقت کی جھلک قرار دے دیا

جمائما گولڈ اسمتھ کی فلم نے روم فلم فیسٹیول میں بہترین مزاح کا ایوارڈ جیت لیا

 جمائماگولڈ اسمتھ نے کہا کہ میں ایسی فلم بنانا چاہتی تھی جو پاکستان کی پذیرائی پر مبنی ہو، میں پاکستان کو رنگوں سے بھرے، ایک خوبصورت اور تفریح سے بھرپور جگہ کے طور پر دکھانا چاہتی تھی۔

فلمساز نے کہا کہ انہوں نے یہ فلم اپنے بچوں  قاسم خان اور سلیمان خان کو دکھائی جو ان کے سب سے بڑے نقاد بھی ہیں۔جمائمہ نے کہا کہ بیٹوں کا ردعمل میرے پورے فلمی تجربے کی عکاسی کرتا ہے کیونکہ انہیں کامیڈی اور رومانٹک طرز کی فلمیں پسند نہیں اور وہ میرے سب سے بڑے نقاد ہیں، ظاہر ہے وہ آدھے پاکستانی مسلمان بچے ہیں لہٰذا اس فلم کے لیے ان کی پسندیدگی میرے لیے بہت اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بیٹوں نے فلم دیکھی تو آخری لمحات میں ان کی آنکھوں میں آنسو تھے اور انہوں نے مجھ سے کہا کہ ماں ہمیں آپ پر فخر ہے، ان کا مجھے ایسا کہنا میرے لیے اہم لمحہ تھا۔

جمائمہ نے مزید بتایا مجھے لگتا ہے کہ دونوں بیٹے جانتے تھے کہ میں نے اس پر کتنی محنت کی ہے، اس وقت میں نے سوچا کہ اب اگر کوئی اس فلم کو پسند نہیں بھی کرتا تو یہ ایک ایسا لمحہ ہے جس پر مجھے ہمیشہ فخر رہے گا۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار شیکھر کپور کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم واٹس لوو گاٹ ٹوڈو وِد اِٹ آئندہ ماہ دنیا بھر میں ریلیز ہونے جارہی ہے، فلم میں پاکستانی اداکارہ سجل علی اور سینئر بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

متعلقہ تحاریر