ماہرہ خان فلم پاکیزہ کے پاکستانی ری میک میں میناکماری کا کردار نبھائیں گی

فلمساز حامد حسین کے متحدہ عرب امارات میں قائم پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے بننے والے پاکیزہ کے پاکستانی ورژن کیلیے ماہرہ خان کے علاوہ کئی دیگر نامور فنکاروں کے نام بھی زیرغور ہیں

پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ سجل علی کی جانب سے مرزا ہادی روسوا کے 1899 کے ناول سے ماخوذ 8 اقساط پر مشتمل سیریز امراؤ جان ادا میں کام کرنے کی خبروں کے بعد اب اطلاع آئی ہے کہ اداکارہ ماہرہ خان بھی ایک اورتاریخی کردار نبھانے جارہی ہیں۔

ماہرہ خان کو 1972 کی بلاک بسٹربالی ووڈ فلم  پاکیزہ کے پاکستانی ریمیک میں مینا کماری   والے کردار کیلیے کاسٹ کرلیا گیا ہے ۔

یہ بھی پڑھیے

سجل علی 8 قسطوں پرمشتمل سیریز میں امراؤجان کا کردار ادا کرینگی

فلمساز رافع راشدی کا فلم پٹھان میں پاکستان کا منفی تاثر دکھانے پر دلچسپ تبصرہ

امراؤجان ادا کی طرح فلم پاکیزہ کے پاکستانی ریمیک کو بھی متحدہ عرب امارات میں قائم حامد حسین کا  پروڈکشن ہاؤس’ایکشن کنسلٹنی ‘ہی پروڈیوس کرنے جا رہا ہے۔

انگریزی روزنامہ ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق پروڈکشن ٹیم کے قریبی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ماہرہ خان  مینا کماری کا کردار ادا کریں گی۔ فلم پاکیزہ کیلیے لالی ووڈ کی سب سے کامیاب فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ میں مرکزی کردار ادا کر نے والی ماہرہ خان کے علاوہ کئی نامور فنکاروں کے نام بھی زیرغور ہیں ۔

ذریعے نے انکشاف کیا ہے کہ” ماہرہ خان اس فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں لیکن وہ ان بہت سے ستاروں میں سے ایک ہیں جنہیں اس تاریخی فلم کو دوبارہ عکس بند کرنے کیلیے تلاش کیاجارہا ہے  ۔ کچھ اور مشہور فنکار ہیں جن کو فلم میں شامل کرنے کے لیے بات چیت جاری ہے“۔

  فلم پاکیزہ اداکارہ مینا کماری کی سب سے مقبول فلموں میں ایک ہے۔ بھارتی جریدے مڈ ڈے کے مطابق پاکیزہ کو 14 سال کی لگن سے تیار کیا گیا تھا ۔ فلم کی تیاری سے وابستہ لوگوں میں سے ایک نے بتایا تھاکہ   ہدایت کار کمال امروہی  ایک دن میں ایک منظر کی مکمل عکسبندی کوہی  نتیجہ خیز سمجھتے تھے۔

پاکیزہ کو 70 کی دہائی میں بننے والی مہنگی ترین فلموں میں سے ایک سمجھا جاتا تھا۔ یہ فلم 25 لاکھ بھارتی روپے یاایک لاکھ 60 ہزار امریکی ڈالر میں تیار ہوئی تھی اور 1972میں ریلیز کی گئی تھی۔

پاکیزہ کو ناقدین کے ملے جلے ردعمل کا سامنا کرنا پڑا۔ فلم کو اس کے بجٹ اورکہانی کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا  اس کے باوجود، یہ سال کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بالی ووڈ فلم ثابت ہوئی  تھی، جس نے 50 ہفتوں سے زیادہ کے تھیٹر میں 6 کروڑ بھارتی روپے یا 7 لاکھ50 ہزار امریکی ڈالر کمائے تھے۔

اداکارہ ماہرہ خان کے دیگر منصوبوں کی بات کی جائے تو ابھی حال میں ہی فواد خان کے مدمقابل ان کی فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ نے کامیابیوں کے تمام ریکارڈ توڑے ہیں اور حال ہی میں انہوں نے فواد خان کے ساتھ ایک اور فلم نیلوفر کی عکس بندی مکمل کی ہے۔

متعلقہ تحاریر