آمنہ الیاس بھی عدنان صدیقی اور شائستہ لودھی کے نقش قدم پر چل پڑیں
ماڈل نے بھی انسداد منشیات فورس کی تقریب میں شرکت کرکے جلتی ہوئی منشیات کے ساتھ سیلفیاں اور وڈیو بناکر انسٹاگرام پر اپ لوڈ کردیں، صارفین نے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا
پاکستان کی معروف ماڈل اور اداکارہ آمنہ الیاس بھی اداکار عدنان صدیقی اوراداکارہ و میزبان شائستہ لودھی کے نقش قدم پر چل پڑیں۔
اداکارہ آمنہ الیاس نے بھی انسداد منشیات فورس کے زیراہتمام منشیات کو نذرآتش کرنے کیلیے منعقد کی گئی تقریب میں شرکت کی اور اس موقع پر جلتی ہوئی منشیات کے ساتھ سیلفیز اور وڈیو بناکرناقدین کے تیروں کا رخ اپنی جانب موڑ لیا۔
یہ بھی پڑھیے
عشنا شاہ کو ایمن خان کو آئندہ چڑیا گھر نہ جانے کا مشورہ مہنگا پڑگیا
سابق شوہر نے ٹھنڈا کھانا دینے پر سر پر فرائی پین دے مارا تھا، کومل رضوی
اداکارہ آمنہ الیاس نے انسداد منشیات فورس کی تقریب کے دوران بنائی گئی وڈیو اور سیلفی اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی تاہم اداکارہ کو پہلے ہی اندازہ تھا کہ انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑے گا اسی لیے انہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں اپنے عمل کی توجیح پیش کرنے کی کوشش کی۔
View this post on Instagram
اداکارہ نے لکھا کہ”یہ پاکستانی کوسٹ گارڈز کی معاشرے سے منشیات اور ممنوعہ اشیا کو ختم کرنے کی پرعزم کوششوں کے اعتراف کیلیے ایک دعوت تھی، شاید ہم ممنوعہ اشیاکو تلف کرنے کا کوئی اور طریقہ ڈھونڈ سکتے تھے لیکن یہ اقدام اب بھی منشیات سے انکار کے دلیرانہ جذبات کی عکاسی کرتا ہے ،پرعزم پاکستان کوسٹ گارڈز کو سلام پیش کرنا میرے لیے اعزاز ہے “۔
انسٹاگرام صارفین نے ماحولیات کو نقصان پہنچانے کا سبب بننے والی سرگرمی میں حصہ لینے پر اداکارہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ایک صارف نے سوال کیا کہ کیا یہ عدنان صدیقی کی طرح شہرت کے حصول اور وائرل ہونے کا اسٹنٹ ہے؟ایک اور صارف نے لکھاکہ بیٹا تم لوگوں سے زیادہ ڈرگز کون لیتا ہوگا؟ایک اور صارف نے لکھاکہ ایک چیز کو ختم کرنا اور آلودگی کی حوصلہ افزائی کرنا۔
ایک اور صارف نے سوال کیا کہ ماحول کی تباہی کی قیمت پر یہ کیسے اچھا عمل ہوگیا؟منشیات کو تلف کرنے کی کوشش میں ماحول کو تباہ کیا جارہا ہے، جہالت کو گناہ قرار دیا جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اداکار عدنان صدیقی اور اداکارہ شائستہ لودھی کو بھی انسداد منشیات فورس کی ایسی ہی تقاریب میں شرکت پر شدید تنقید کانشانہ بنایاجاچکا ہے۔