آپ دنیا بدل رہے ہیں لیکن سانس تو لے لیں، انوشے اشرف بے صبرے مردوں پر برہم

فنکارہ فضائی سفر کے اختتام پر مرد مسافروں کی جانب سے مچائی جانے والی ہبڑ دبڑ پر برس پڑیں

شوبزانڈسٹری کی معروف فنکار انوشے اشرف اکثر پاکستانی سماجی رویوں سے نالاں نظر آتی ہیں اور معاشرتی برائیوں کی نشاندہی کرتی رہتی ہیں۔

ٹیلی وژن شوز کی میزبان نےفضائی سفر کے دوران مردوں کی ایک بری عادت کی طنزیہ انداز میں  نشاندہی کرتے ہوئے ان کی اصلاح کی کوشش کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

انوشے اشرف نے وی آئی پی کلچر سے تنگ آکر ملک چھوڑنے پر غور شروع کردیا

سیلاب سے نمٹنے کے ناکامی اقدامات : انوشے اشرف کا بختاور بھٹو کو مدلل جواب

انوشے اشرف نے اپنے ٹوئٹ میں لکھاکہ”کراچی میں اترتے ہی میں نے دیکھا ہے کہ عموماً مرد ہی فوراًاٹھتے ہیں، فون پر اپنے کام کے بارے میں اونچی آواز میں بات کرنا شروع کر دیتے ہیں اورپہلے باہر نکلنے کے چکر میں  راہداری  میں  ہجوم کا باعث بنتے ہیں، ہر کوئی دوسرے سے مصروف نظرآتا ہے“  ۔

فنکارہ نے مزید لکھاکہ” میں جانتی ہوں کہ آپ دنیا بدل رہے ہو لیکن 5 منٹ انتظار کرو یار۔ سانس تو لے لو“۔

انوشے کے ٹوئٹ پر صارفین نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ایک صارف نے لکھاکہ عام طور پر فلائٹس میں مردوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے، میں ایسی پروازوں میں گیا ہوں جن میں راہداری  پر ہجوم تھا سوائے میں اور میری بیوی کے جنہیں میں نے دروازہ کھلنے تک نہ اٹھنے کا مشورہ دیا تھا۔ایک صارف نے لکھاکہ پی آئی اے میں سفر کرنے والوں کیلیے یہ رویہ معمول کی بات ہے۔

ایک اور صارف نے لکھاکہ  ہر ایک کودوسرے کا راستہ روک کر ایک انچ بھی حرکت کے قابل نہ چھوڑنا مضحکہ خیز لگتا ہے۔ایک صارف نے سوال کیا کہ”کیا   امریکا اور برطانیہ میں ہم یہ رویہ  بہت بڑے پیمانے پر نہیں دیکھتے؟ “۔

متعلقہ تحاریر