رنبیر کپور پاکستانی فلمسازوں کے ساتھ کام کرنے کے بیان سے پھرنے پر مجبور

آرٹ آپ کے ملک سے بڑا نہیں ہے لہٰذا  آپ کی پہلی ترجیح ہمیشہ آپ کا ملک رہے گا، اداکار کی ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں دیے گئے بیان پر شدید تنقید کے بعد وضاحت

بالی ووڈ سپر اسٹار رنبیر کپور کو ریڈ سی فلم فیسٹیول میں پاکستانی فلمسازوں کیساتھ کام کرنے کی حامی بھرنا مہنگا پڑگیا۔

بھارتی سوشل  میڈیا میں اداکار کو  تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور ان پر غیر محب وطن کا لیبل چسپاں کردیا گیا جس کے  بعد اداکار نے وضاحتیں پیش کرنا شروع کردیں۔اداکار نے اپنی حالیہ گفتگو میں کہا کہ ان کے بیان کو غلط سمجھاگیااور وہ اپنے بیان کو متنازع نہیں سمجھتے۔

یہ بھی پڑھیے

آر آر آر نے ٹاپ گن ماروک کو پچھاڑ کر 4 ہالی ووڈ کریٹکس ایوارڈ جیت لیے

اہلیہ نے نواز الدین صدیقی پر جنسی زیادتی کا مقدمہ درج کروادیا

گزشتہ سال جدہ میں منعقدہ ریڈ سی انٹرنیشنل  فلم فیسٹیول میں پاکستانی فلم ساز  نے  رنبیر کپور سے سوال کیا تھاکہ”  کیا وہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ تعاون کریں گے“۔ اس کے جواب میں سپر اسٹار نے کہا تھا کہ”یقینا ً ،میرے خیال میں فنکاروں کے لیے خاص طور پر فنون کے لیے کوئی سرحد نہیں ہوتی“۔

حال ہی میں چندی گڑھ میں اپنی آنے والی فلم ’تو جھوٹی میں مکّار‘ کے لیے ایک تشہیری تقریب کے دوران رنبیر کپور نے اس مسئلے پر بات کی۔ انہوں نے کہاکہ” میرے خیال میں میرے بیان کو غلط سمجھا گیا، میں ایک فلم فیسٹیول میں گیا تھا اور وہاں بہت سارے پاکستانی فلم ساز مجھ سے یہ سوال پوچھ رہے تھےکہ’اگر آپ کے پاس کوئی اچھا موضوع ہے تو کیا آپ ایسا کریں گے؟‘  تو، میں نہیں چاہتا تھا کہ یہ کسی بھی طرح سے متنازع ہو“۔

اداکار نے مزید کہاکہ”مجھے نہیں لگتا کہ اتنا بھی بڑا تنازع  ہوا لیکن، میرے لیے فلمیں ،فلمیں    ہیں اور  فن، فن ہے۔ میں نے فواد خان کے ساتھ’ اے دل ہے مشکل ‘میں کام کیا ہے۔ میں پاکستان کے بہت سے فنکاروں کو جانتا ہوں۔ راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم ایسے عظیم گلوکار ہیں جو ہندی سنیما میں اپنا حصہ ڈالتے تھےلہٰذاسنیما سنیما ہے، مجھے نہیں لگتا کہ سنیما حدود کو دیکھتا ہے“۔ انہوں نے  کہا کہ” یقیناً، آپ کو آرٹ کا احترام کرنا ہوگا لیکن ساتھ ہی آرٹ آپ کے ملک سے بڑا نہیں ہے لہٰذا  آپ کی پہلی ترجیح ہمیشہ آپ کا ملک رہے گا“۔

2016 میں اڑی حملوں کے بعد، ہندوستان نے پاکستانی فنکاروں کے کاموں پر غیرعلانیہ پابندی عائد کردی تھی۔دریں اثنا فلم برہمسترا   کے بعد رنبیر کپور رومانوی کامیڈی فلم ’ تو جھوٹھی میں مکّار‘ کے ذریعے بڑی اسکرین پر واپس آرہے ہیں۔ فلم ہولی کے تہوار کے موقع پر 8 مارچ کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ اس کے بعد وہ  سندیپ ریڈی وانگا کی ہدایت کاری میں بننے والے کرائم ڈرامہ اینیمل میں نظر آئیں گے۔

متعلقہ تحاریر