مشہور بھارتی اداکار ستیش کوشک 66برس کی عمر میں انتقال کرگئے

ستیش کوشک کو جمعرات کی صبح  نئی دہلی میں کار میں سفر کے دوران دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا، اداکار انوپم کھیر، کنگنا رناوت، اجے دیوگن، امیت شاہ و دیگر کا اظہار افسوس

بالی ووڈ کے مشہور اداکار ، کامیڈین، ہدایت کار،پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر ستیش کوشک 66 برس کی عمر میں نئی دہلی میں انتقال کرگئے۔

بی بی سی کے مطابق مرحوم کے بھتیجے نشان کوشک نے بتایا کہ ستیش کوشک کو جمعرات کی صبح  نئی دہلی میں کار میں سفر کے دوران دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا ۔ڈاکٹر نے اسپتال پہنچنے پر ان کی موت کی تصدیق کردی۔

یہ بھی پڑھیے

فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے سینئر اداکار قوی خان 80 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

معروف شاعر، ادیب اور ڈرامہ نگار امجد اسلام امجد انتقال کرگئے

13 اپریل 1956 کو پیدا ہو نےوالے ستیش کوشک نے دہلی یونیورسٹی کے کیروڑی مال کالج سے گریجویشن کیا اور نیشنل اسکول آف ڈرامہ میں تعلیم حاصل کی۔1979میں ممبئی بالی ووڈ کا حصہ بن گئے۔

ان کا اہم کردار 1987 کی ہٹ مسٹر انڈیا میں آیا، جہاں انہوں نے کیلنڈر نامی باورچی کا کردار ادا کیا۔ اس کردار نے انہیں بے پناہ شہرت بخشی۔انہوں نے کئی دیگر فلموں جیسے کہ رام لکھن، جانے بھی دو یارو اور دیوانہ مستانہ میں یادگار کردار ادا کئے۔

انہوں نے کئی فلموں کی ہدایت کاری بھی کی جن میں روپ کی رانی چوروں کا راجہ، پریم، ہم آپ کے دل میں رہتے ہیں اور تیرے نام شامل ہیں۔

وہ ٹوئٹر پر ایکٹو رہتے تھے، جہاں وہ اکثر اپنے کیریئر کی یادیں شیئر کرتے تھے۔ 2020 میں انہوں نےپہلی مرتبہ ممبئی آمد کے موقع پر  1979 میں  ریلورے اسٹیشن پر لی گئی اپنی تصویر شیئرکی تھی۔

 بالی ووڈ کے کئی ستاروں اور سیاست دانوں نے سینئراداکار کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

اداکار انوپم کھیر  نے ٹویٹر پر ستیش کوشک کے انتقال کی  خبرشیئر کرتے ہوئے کہا کہ”میں جانتا ہوں کہ موت اس دنیا کی آخری سچائی ہے، لیکن میں نے خوابوں میں بھی نہیں سوچا تھا کہ میں یہ بات کسی دن اپنے بہترین دوست کے بارے میں لکھوں گا، 45 سال کی دوستی پر ایسا اچانک فل اسٹاپ لگ گیا، تمہارے بغیر زندگی کبھی ایک جیسی نہیں رہے گی ستیش! “۔

ہدایت کار سبھاش گھئی نے انہیں  ایک ایسا آدمی قرار دیا جو بدترین بحران میں بھی ہمیشہ ہنسا اور مشکل حالات میں ہرکسی کے ساتھ کھڑا رہا“۔

وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ سینئر اداکار کو”ہندوستانی سنیما میں ان کے تعاون، فنکارانہ تخلیقات اور پرفارمنس کے لیے یاد رکھا جائے گا“۔اداکارہ و ہدایت کارہ کنگنا رناوت،اجے دیوگن اور دیگرنے بھی ستیش کوشک کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے۔

 کنگنا رناوٹ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ایمرجنسی ستیش کوشک کی آخری فلم ثابت ہوئی جو رواں سال نمائش کیلیے پیش کی جائے گی۔

متعلقہ تحاریر