ٹالی ووڈ فلم آر آر آر کے گانے ’ناتو ناتو‘ نے آسکر ایوارڈ جیت کر تاریخ رقم کردی

ناتو ناتو نے بہترین حقیقی گانے کے زمرے میں لیڈی گاگا اور ریحانہ کے گانوں کو پیچھے چھوڑدیا، بھارتی فلم ’The Elephant Whisperers‘ نے بہترین مختصر دستاویزی فلم کا ایوارڈجیت لیا،برینڈن فریسر بہترین اداکار، مشعل یو بہترین اداکارہ قرار

جنوبی بھارت کی  فلم انڈسٹری ٹالی ووڈ کی مشہور زمانہ فلم آر آر آر کے گانے ’ناتو ناتو‘ نے بہترین حقیقی گانے کا آسکر ایوارڈ جیت لیا۔

کامیاب ترین ہدایت کار ایس ایس راجا مولی کی تامل زبان کی ایکشن اورسنسنی سے بھرپور فلم ’آر آر آر‘ کے گانے ’ ناتو ناتو ‘  نے بھارت کی تاریخ میں پہلا آسکر جیت کر تاریخ رقم کردی ہے ۔

یہ بھی پڑھیے

ٹالی ووڈ فلم آر آر آر گولڈن گلوب ایوارڈ جیتنے والی پہلی ایشیائی فلم بن گئی

انڈین فلم فیڈریشن کا تعصب، بلاک بسٹر تیلگو فلم آرآرآر آسکر کیلیے نظر انداز

امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہرلاس اینجلس  کے ڈولبی تھیٹرمیں منعقدہ 95 ویں اکیڈمی ایوارڈز میں  آر آر آر کےبلاک بسٹر گانے نے لیڈی گاگا اور ریحانہ جیسی مشہور امریکی گلوکاراؤں کے گانوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بہترین حقیقی گانے کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا ہے جس پر تیلگو فلم انڈسٹری میں خوب جشن منایا جارہا ہے۔

تقریب میں بھارت کیلیے خاص بات یہ بھی تھی کہ  رواں سال آسکر کی میزبان کا اعزاز بالی ووڈ اداکارہ  ڈیپیکا پڈوکون  کے حصے میں بھی  آیا۔دیپیکا پڈوکون نے اسٹیج پر آکر فلم آر آر آر کے گانے  ناتو ناتو کا تعارف پیش کیا۔

تقریب میں فلم آر آر آر میں مرکزی کردار ادا کرنے والے این ٹی آر جونیئر اور رام چرن نے ناتو ناتو پر شاندار پرفارمنس بھی پیش کی۔

دوسری جانب جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کی ایک اور فلم ’The Elephant Whisperers‘ بھی بہترین مختصر دستاویزی فلم کا ایوارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے آسکر ایوارڈ جیتنے پر دونوں بھارتی فلموں کی ٹیموں کو مبارکباد دی  ہے۔نریندر مودی نے ناتو ناتو کے آسکر جیتنے کو غیرمعمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ گانا عالمی شہرت اختیار کرچکاہے اور آئندہ کئی برس تک یاد رکھا جائے گا۔

 دریں اثنا ہالی ووڈ فلم’دی وہیل ‘ میں  چارلی کا کردار ادا کرنے والے مشہور امریکی اداکار برینڈن فریسر بہترین اداکار کا آسکر ایوارڈ لے اڑے۔

جبکہ  ہالی ووڈ فلم Everything Everywhere All at Once میں مرکزی کردار ادا کرنے والی ملائیشین اداکارہ مشعل یو نے بہترین اداکارہ کا آسکر ایوارڈ اپنے نام کیا۔ جبکہ بہترین فلم کا آسکر ایوار بھی Everything Everywhere All at Once کے نام رہا۔

متعلقہ تحاریر