جس سے بات پکی ہوئی وہ دن رات گالیاں دیتا تھا، عائشہ عمر

اسے گالیاں دینے کی عادت تھی، وہ پیار میں بھی گالیاں دیتا تھا لیکن جب نوبت تشدد تک آئی تو میں نے تعلق ختم کرلیا، اداکارہ نے انٹرویو نشر ہونے کے بعد سابقہ منگیتر سے متعلق قیاس آرائیوں پر وضاحتی بیان جاری کردیا

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عائشہ عمر نے انکشاف کیا ہےکہ جس سے ان کی شادی ہونے والی تھی وہ دن رات گالیاں دیتا تھا، اس رشتے میں انہیں ذہنی و جسمانی تشدد کا سامنا کرنا پڑا لیکن کسی طرح وہ اس سے نکلنے میں کامیاب ہوگئیں۔

عائشہ عمر نے گزشتہ دنوں فیشن انڈسٹری کی مشہور شخصیت فریحہ الطاف کے پوڈکاسٹ میں اپنی زندگی کو کھلی کتاب کی مانند پیش کردیا۔

یہ بھی پڑھیے

عائشہ عمر کی دوسری فلم”ہوئے تم اجنبی “عید الفطر پر ریلیز ہوگی

عائشہ عمر کی شعیب ملک کے ساتھ اسکینڈلائز کرنے والوں کو پھر شٹ اپ کال

اداکارہ نے اپنے سابقہ رشتے کے بارے میں بتایا کہ”8 سال قبل کی بات ہے، ہماری تقریباً بات پکی ہو چکی تھی، ہم فیملی کی طرح تھے، مجھے اس رشتے کو ختم کرنے یا اس سے نکلنے میں بہت وقت لگا کیونکہ میں سمجھتی تھی شاید وہ شخص میری محبت سے بدل جائے گا، میں اسے ٹھیک کرلوں گی“۔

عائشہ نے کہاکہ”وہ شخص سب کچھ کرنے کے بعد معافیاں مانگتا تھا جس کے بعد میں اسے معاف کردیتی تھی اور واپس اس کی طرف چلی جاتی تھی لیکن ایک دن اس نے مجھے جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا، اس دن میں نے فیصلہ کیا کہ نہیں اب مزید نہیں اور پھر میں نے رشتہ ختم کردیا“۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کا سابقہ منگیتر دن رات گالم گلوچ کرتا تھا، وہ ایسا شخص تھا جسے گالیاں دینے کی عادت تھی، وہ کہتا تھا کہ میں پیار میں گالیاں دیتا ہوں۔

عائشہ عمر نے بتایا کہ”مجھے اس صدمے سے نکلنے میں بہت وقت لگا کیونکہ میں نے اپنی زندگی کے قیمتی سال اس شخص کی وجہ سے برباد کردیے“۔

عائشہ عمر کے انٹرویو کا کلپ وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین ان کے سابقہ منگیتر کے بارے میں قیاس آرائیاں شروع کردیں اور ملکہ ترنم نور جہاں کے پوتے سکندر رضوی کو عائشہ عمر کا سابقہ منگیتر قرار دیدیا۔واضح رہے کہ ماضی میں بھی عائشہ عمر کا نام سکندر رضوی کے ساتھ جوڑا جاتا رہا ہے ۔

تاہم اب اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری پر سوشل میڈیا پر ہونے والی تمام قیاس آرائیوں کی تردید کردی ہے۔انہوں نے محبت اور نفرت کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ” میں ایک بات واضح کرنا چاہتی ہوں کہ میں  نے فریحہ الطاف کے ساتھ پوڈکاسٹ میں جس   شخص کا ذکر کیا وہ   سکندر رضوی بالکل نہیں ہے بلکہ ایک خاندانی دوست کا بیٹا ہے جس کا میڈیا سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

عائشہ عمر نے اپنے مداحوں سے درخواست کی کہ اس معاملے میں سکندر رضوی اور ان کے خاندان  کو نہ گھسیٹا جائے۔

متعلقہ تحاریر