اداکارہ مدیحہ امام نے بھارتی فلمساز و گلوکار موجی بسر سے شادی کرلی

شادی کی تقریب یکم مئی کو دبئی میں انجام پائی، اداکارہ نے شادی اور حالیہ عید کی تصاویر کے علاوہ اپنے انسٹاگرام سے تمام تصاویر ہٹادیں

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی باصلاحیت اداکارہ مدیحہ امام بھارتی فلمساز و گلوکار موجی بسر کے ساتھ  شادی کے بندھن میں بند ھ گئیں۔

اداکارہ کی شادی یکم مئی کو دبئی میں انجام پائی جس کی اطلاع انہوں نے بدھ کی رات انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے دی۔اداکارہ نے شادی اور حالیہ عید کی تصاویر کے علاوہ اپنے انسٹاگرام سے تمام تصاویر ہٹادی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

شادی کے بعد 10 سال تک اداکاری نہیں کروں گی، عائشہ عمر

مشہور بالی ووڈ اداکارہ کا شادی سے قبل ہی ماں بننے کا اعلان

اداکارہ نے شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ”زندگی کے نئے سفر کی ابتدا کے موقع پر ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں“۔

اداکارہ نے شادی کے موقع پر زارا شاہنواز کا تیار کردہ روایتی سرخ رنگ کا لہنگا زیب تن کیا  جبکہ ان کے شوہر نے آف وائٹ رنگ کے کرتا پاجامہ اور واسکٹ کا انتخاب کیا۔

اداکارہ مدیحہ امام کے شوہر موجی بسر بھارتی پروڈیوسر،فلمساز و گلوکار ہیں جن کے حوالے سے زیادہ تفصیلات موجود نہیں ہیں۔پاکستان شوبز انڈسٹری کے کئی فنکاروں نے زندگی کے نئے سفر کی ابتدا پر اداکارہ مدیحہ امام کو مبارکباد پیش کی ہے۔

اداکارہ ماورا حسین نے اپنے تبصرے میں لکھاکہ”سادہ اور خوبصورت، ماشااللہ،مدیحہ تمہارے لیے بہت خوش ہوں،تم دونوں کیلیےدنیا کی تمام خوشیوں کی متمنی ہوں“۔اس کے علاوہ اداکارہ عائزہ خان، شائستہ لودھی،مومل شیخ،یمنیٰ زیدی، زارا نور عباس اور دیگر نے بھی مدیحہ امام کو شادی کی مبارکباددی ہے۔

بطور وی جی کیریئر کی ابتدا کرنے والی مدیحہ امام نے  نہ صرف پاکستان بلکہ سرحد پار بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔انہوں نے اپنے ٹیلی ویژن کیرئر کا آغاز2013 میں  ہم ٹی وی  کے ڈراما” عشق میں تیرے“ سے کیا جس میں انہوں نے مہوش حیات اور اظفر رحمان کے ساتھ اداکاری کی۔وہ ڈراما سیریل ہیر  اور دھانی میں اپنے کرداروں کی وجہ سےبہت مقبول ہوئیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے دل مومن، زخم، مقدر جیسے مقبول ٹی وی ڈراموں میں بھی کام کیا۔انہوں نے 2017 میں بولی ووڈ فلم ’ڈیئر مایا‘ کے ذریعے فلمی میدان میں قدم رکھا تھا جبکہ 2022 میں پاکستانی فلم ’نیلو فر‘ میں  بھی جلوہ گرہوئیں۔

متعلقہ تحاریر