برطانیہ میں زیرتعلیم بھارتی طالبعلم کی سلمان خان کو دھمکی آمیز ای میل
ممبئی پولیس میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے والے طالبعلم کو بھارت لانے کی تیاری شروع کردی، طالبعلم نے سلمان خان کو گولڈی برار کے نام سے بذریعہ ای میل دھمکی آمیز پیغامات بھیجے تھے۔

بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو برطانیہ میں میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنےو الے بھارتی طالبعلم کی جانب سے مبینہ طور پر دھمکی آمیز ای میل بھیجنے کا انکشاف ہوا ہے۔
ممبئی پولیس نے سلمان خان کو دھمکی آمیز ای میل بھیجنے والے طالبعلم کو لک آؤٹ سرکلر (ایل او سی) جاری کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کی ڈانس وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
کنگنا رناوت نے فلم” دی کیرالہ اسٹوری “کے ناقدین کو دہشت گرد قرار دیدیا
این ڈی ٹی وی کے مطابق ممبئی پولیس کے اہلکار نے منگل کو بتایا کہ پولیس نے طالب علم کو ہندوستان واپس لانے کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔تحقیقات سے پتہ چلا کہ طالب علم کا تعلق ہریانہ سے ہےاور شعبہ طب کے تیسرے سال میں زیرتعلیم ہے ۔
اہلکار نے کہا کہ رواں سال اختتام تک تعلیم سے فراغت کےبعد مذکورہ طالبعلم کے واپس بھارت پہنچنے کا امکان ہے۔پولیس کو شبہ ہے کہ طالب علم نے مارچ میں مبینہ طور پر جیل میں بند گینگسٹر گولڈی برار کے نام سلمان خان کو دھمکی آمیز پیغامات بھیجے تھے۔
چند روز قبل سلمان خان کو ان کی ایک آفیشل آئی ڈی پر ایک ای میل موصول ہوئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ وہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کے ساتھی گولڈی برار سے ملاقات کرکے ان کے ساتھ اختلافات کو ہمیشہ کے لیے حل کریں ورنہ نتائج کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں۔
ممبئی پولیس نے حال ہی میں کنٹرول روم پر کال کرکے مبینہ طور پر سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے والے ایک نابالغ لڑکے کو گرفتار کیا تھا۔









