بھارتی فلمساز کا عمران خان پر اپنی وڈیو کیلیے کشمیر فائلز کا گیت چرانے کا الزام
پاکستانی شاعر فیض احمد فیض کی تحریر کردہ نظم کے کئی ورژنز ہیں اور کشمیر فائلز میں شامل ورژن کے نشریاتی حقوق ہم نے فیض ہاؤس سے حاصل کررکھے ہیں، وویک اگنی ہوتری

متنازع بھارتی فلم کشمیر فائلز کے پروڈیوسر وویک اگنی ہوتری نے پاکستان کے سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پر اپنی فلم میں شامل معروف پاکستانی شاعر فیض احمد فیض کی نظم”ہم دیکھیں گے“چرانے کا الزام عائد کردیا۔
بھارتی فلمساز وویک اگنی ہوتری نےعمران خان کو اپنی فلم” دی کشمیر فائلز“کاگانا پاکستان میں جاری سیاسی ہنگامہ آرائی کے دوران استعمال کرنے پر مورد الزام ٹھہرایا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
القادر ٹرسٹ کرپشن کیس: عمران خان کی دو ہفتوں کے لیے عبوری ضمانت منظور
علی بلال قتل کیس: عمران خان کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے ایک اور ریلیف مل گیا
منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ کی حدود سے رینجرز کے ہاتھوں چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے دوران کئی پرتشدد مظاہرے دیکھنے میں آئے تھے جبکہ عمران خان کے حامیوں کی ریاستی مشینری کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئی تھیں ۔تحریک انصاف کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سمیت چیئرمین پی ٹی آئی کے ذاتی انسٹاگرام اکاؤنٹ سے بھی ان احتجاجی مظاہروں کو وڈیوزشیئر کی گئی تھیں۔
پاکستان کے سابق وزیراعظم کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ایسی ہی ایک وڈیو میں پاکستان کے معروف انقلابی شاعر فیض احمد فیض کی مشہور نظم”ہم دیکھیں گے“بھی شامل تھی۔
وویک اگنی ہوتری نے اپنے ٹوئٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان نے اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی وڈیو میں ان کی فلم کشمیر فائلز کا گانا”ہم دیکھیں گے“شیئر کیا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان شاعر فیض احمد فیض کی تحریر کردہ اس نظم کے کئی ورژنز ہیں اور مذکورہ ورژن کے نشریاتی حقوق انہوں نے فیض ہاؤس سے حاصل کررکھے ہیں۔









