جونی ڈیپ کو حقیقی زندگی کے بعد فلم میں بھی مقدمہ بازی کا سامنا
ہالی ووڈ اداکار کی سابقہ اہلیہ کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیتنے کےبعد بڑی اسکرین پر واپسی، فلم جین ڈوبیر منگل کو کینز فلم فیسٹیول میں ریلیز ہوگی، جونی ڈیپ فلم میں شاہ لوئس xv کردار نبھا رہےہیں۔
ہالی ووڈ کے سپر اسٹار جونی ڈیپ سابقہ اہلیہ ایمبر ہرڈ کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ جیتنے کےبعد بڑی اسکرین پر واپسی کیلیے تیار ہیں۔
تاہم حقیقی زندگی میں اسکینڈل سے جان چھڑانے کے باوجود فلم میں اسکینڈل نے ان کی جان نہیں چھوڑی۔
یہ بھی پڑھیے
جونی ڈیپ نے سابقہ اہلیہ ایمبر ہرڈ کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ جیت لیا
کم کردیشین کس دور میں جونی ڈیپ کو پسند کرتی تھیں؟
جونی ڈیپ منگل کو کانز فلم فیسٹیول سمیت فرانس بھرمیں ریلیز ہونے والی فرانسیسی زبان کی فلم جین ڈوبیر میں شاہ لوئس XV کا کردار نبھا رہے ہیں۔ اس فلم کے بارے میں افواہیں گرم تھیں کہ جانی ڈیپ اس میں صرف چند منٹ اسکرین پر نظر آئیں گے ۔
لیکن 59 سالہ اداکار فلم کے زیادہ تر حصے میں موجود ہیں تاہم ان کے مکالمے مختصر فقروں پر مشتمل ہیں تاکہ ان کے امریکی لہجے کو چھپایا جاسکے ۔جانی ڈیپ نے فلم میں 18 ویں صدی کے بادشاہ کا کردار ادا کیا ہے، جو ایک طوائف کے ساتھ محبت میں گرفتار ہو گیا تھا جس نے خاندان اور عدالت کے زیادہ تر افراد کو خوفزدہ کر دیا تھا۔
جونی ڈیپ نےگھریلو تشدد کے الزامات لگنے کےبعد سابقہ اہلیہ ایمبر ہرڈ کیخلاف قانونی چارہ جوئی سے قبل اس کردار کو قبول کیاتھا۔اس مقدمے نے انکے کیریئر کو خدشات میں مبتلا کردیا تھا۔
فلم کی ہدایت کارہ اور مرکزی کردار ادا کرنے والی فرانسیسی اسٹار مائیوین نے اعتراف کیا کہ وہ جونی ڈیپ کی عدالتی کارروائی کے اثرات سے پریشان تھیں،فلم کی عکس بندی گزشتہ موسم گرما میں ہوئی تھی ، جب جانی ڈیپ اپنے دوسرے مقدمےسے نکل رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں بہت خدشات تھے ، وہ سوچ رہی تھیں کہ اس کا تاثر کیا قائم ہوگا لیکن انہیں ڈیپ کو کاسٹ کرنے کے بارے میں کوئی شک نہیں تھا، وہ سمجھتی تھیں کہ ڈیپ اس کردار کیلیے موزوں ترین تھاحالانکہ وہ پہلے دو فرانسیسی اداکاروں سے رابطہ کرچکی تھیں۔
جونی ڈیپ کی اس فلم میں شاندار ملبوسات استعمال کیے گئے ہیں ، اس کی عکس بندی پیلس آف ورسیلز میں کی گئی ہے اور اس کے 2کروڑ ڈالر کے بجٹ میں جزوی طور پر سعودی عرب کی ریڈ سی فلم فاؤنڈیشن نےتعاون کیا ہے۔