وہاج علی چھوٹی اسکرین پر کامیابی کے بعد بڑی اسکرین پر ڈیبیو کیلیے تیار
عید الاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی فلم ” تیری میری کہانیاں “ میں وہاج علی مہوش حیات کے مدقابل نظر آئیں گے، فلم کو نامور اداکاروں کے ساتھ ساتھ خلیل الرحمان قمر، واسع چوہدری، نبیل قریشی، ندیم بیگ، مرینہ خان جیسے لکھاریوں اور ہدایت کاروں کی خدمات حاصل ہیں۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے ابھرتے ہوئے اداکار وہاج علی چھوٹی اسکرین پر کامیابی کے جھنڈے گاڑنے کے بعد بڑی اسکرین پر ڈیبیو کیلیے تیار ہیں۔
وہا ج علی عید الاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی فلم”تیری میری کہانیاں“میں اداکارہ مہوش حیات کے مدمقابل نظر آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیے
احد رضا میر 2 سال انتظار کے بعد شیکسپیئر کے ڈرامے ہیملٹ میں اداکاری کیلیے تیار
ایک پریس ریلیز میں دعویٰ کیا گیا ہے فلمساز ندیم بیگ کی” تیری میری کہانیاں “ حالیہ پاکستانی سنیما میں سب سے زیادہ ستاروں کی حامل فلم ہےجس میں مہوش حیات اور وہاج علی کے علاوہ زاہد احمد اورآمنہ الیاس ، شہریار منوراور رمشا خان جبکہ میاں بیوی حرا اور مانی کی جوڑی پہلی بار ایک ساتھ نظر آئے گی۔
عید الاضحی پر ریلیز ہونے والی فلم’ تیری میری کہانیاں ‘کو نامور پاکستانی فلم نگار و ڈرامہ نویس خلیل الرحمان قمر،واسع چوہدری ، علی عباس نقوی اور باسط نقوی کا اشتراک حاصل ہے ۔
اس فلم کو پاکستان کے دو منجھے ہوئے ہدایت کاروں نبیل قریشی اور ندیم بیگ کا اشتراک بھی حاصل ہے جبکہ تجربہ کاراداکارہ، ہدایت کارہ اور پروڈیوسر مرینہ خان بھی اس فلم کے ذریعے سلور اسکرین پر بطور ہدایت ڈیبیو کرنے جارہی ہیں ۔
ندیم بیگ نے اس منفرد فیچر فلم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ” پاکستانی سنیما میں اس پروجیکٹ جیسا کچھ نہیں ہے، یہ آپ کی اوسط فلم سے کہیں زیادہ ہے، عوام ایک بہت ہی نئے تجربے کے لیے تیار رہیں“۔
مرینہ خان نے کہاکہ ”یہ فلم ان کہانیوں کے بارے میں ہے جو ہمیں اکٹھا کرتی ہیں، جو ہمارے معاملے میں فٹ بیٹھتی ہیں کیونکہ آپ دیکھ رہے ہیں کہ کچھ مشہور پاکستانی نام ایک بینر تلے متحد ہو کر کچھ ایسا تخلیق کر رہے ہیں کہ وہ سب محبت کرتے ہیں“۔
نبیل قریشی نے کہاکہ ”میرا نہیں خیال کہ کوئی بھی اس کی توقع کررہا ہوگا، جب آپ بہت سارے تخلیق کاروں کی سوچ کو یکجا کرتے ہیں، تو آپ کے پاس واقعی غیر متوقع چیز نکل کرآتی ہے“۔
واسع چوہدری کے مطابق ”تیری میری کہانیاں بہت سے عالمی نظریات کا ایک اشتراک ہے۔آپ کے پاس خلیل الرحمٰن قمر، ندیم بیگ، نبیل قریشی، مرینہ خان، سب ایک پروجیکٹ پر کام کر رہے ہیں۔ یہ تاریخ سازی میں ہے“۔ خلیل الرحمان قمر نے کہاکہ”تیری میری کہانیاں کی خوبصورتی اس کے تنوع میں ہے۔ یہاں سب کے لیے کچھ نہ کچھ ہے“۔