83سالہ الپچینو اور 29سالہ نورالفلاح ننھے مہمان کے استقبال کیلیے تیار
سینئر اداکار اپریل 2022 سے نوجوان فلمساز کو ڈیٹ کررہے ہیں، نورالفلاح 8 ماہ کی حاملہ ہیں، اداکار کے نمائندوں نے میڈیا کو تصدیق کردی
ہالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار الپچینو 83 سال کی عمر میں اپنےچوتھے بچے کے باپ بننے جارہے ہیں۔سینئر اداکار کی 29 سالہ گرل فرینڈ فلمساز نور الفلاح اپنے پہلے بچے کی ماں بننے والی ہیں۔
امریکی ٹیبلوائڈ ٹی ایم زیڈ نے سب سے پہلے الپچینو کے ہاں ننھے مہمان کی آمد کی اطلاع دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی 29 سالہ گرل فرینڈ 8 ماہ کی حاملہ ہیں اور ایک ماہ میں اپنے پہلے بچے کا استقبال کرنے والی ہیں جس کے بعد ویٹرن اداکار کے نمائندے نے پیپل میگزین کو خبر کی تصدیق کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ہالی ووڈ اداکار رابرٹ ڈی نیرو79سال کی عمر میں باپ بن گئے
جونی ڈیپ کو حقیقی زندگی کے بعد فلم میں بھی مقدمہ بازی کا سامنا
امریکی ٹیبلوائڈ ٹی ایم زیڈ کو متعدد ذرائع نے بتایا ہے کہ 29سالہ فلمساز 8 ماہ کی حاملہ ہیں اور ایک ماہ میں اپنے پہلےبچے کو جنم دینے والی ہیں۔وہ اپریل 2022 سے سینئر اداکار کو ڈیٹ کررہی ہیں۔
الپچینو اپنے چوتھے بچے کا استقبال کرنے والے ہیں۔ اس سے قبل وہ اپنی سابقہ گرل فرینڈایکٹنگ کوچ جان ٹیرنٹ سے 33سالہ بیٹی جولی میری پکینو اور سابقہ گرل فرینڈ بیورلی ڈی اینجلو سے 22 سالہ جڑواں بیٹا، بیٹی اینٹن پکینو اور اولیویاپکینو کے والد ہیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ 29 سالہ نورالفلاح الپچینوسے قبل بھی مشہور ضعیف العمر افراد کے ساتھ معاشقوں کے حوالے سے شہرت رکھتی ہیں۔ الپچینو سے قبل جنوری 2019 میں انہیں ایک رات 93 سالہ سینئر اداکار و فلمسازکلائنٹ ایسٹ ووڈکے ساتھ دیکھاگیا تھا جس کے بعد دونوں کے معاشقے کی افواہوں نے جنم لیا تھا۔
قبل ازیں 2018 میں وہ 61 سالہ امریکی ارب پتی نکولس برگیورن کو ڈیٹ کررہی تھیں جبکہ اکتوبر 2017 میں ان کا مشہور امریکی گلوکار سر مائیک جیگر سے معاشقہ چل رہا تھا۔
واضح رہے کہ ہالی ووڈ کے ایک اور سینئر اداکار رابرٹ ڈینیرو گزشتہ ماہ 79 سال کی عمر میں اپنے چھٹے بچے کے باپ بنے تھے تاہم ان کی نومولود بچی کی ماں کا نام سامنے نہیں آیا تھا۔