علی گل پیر کا رپورٹر بن کر ڈی ایچ اے میں نکاسی آب کے منصوبے پر طنز
ڈی ایچ اے نے یہ سڑکیں کھودی نہیں بلکہ چھوٹی چھوٹیں ندیاں بنائی ہیں تاکہ شہری سوئمنگ کرسکیں، یہ گڑھے لوگوں کی اموات سے آبادی میں کمی کا ذریعہ بھی بنیں گے، کامیڈین
ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی ( ڈی ایچ اے ) کراچی میں بارش کے پانی کی نکاسی کے منصوبے کیلیے سڑکوں کی کھدائی شہریوں کیلیے درد سربن گئی۔
معروف کامیڈین علی گل پیر نے نیوز رپورٹر کا روپ دھارکر تنقیدی وڈیوبنائی ہے جس میں ڈی ایچ اے انتظامیہ کو طنزومزاح کا نشانہ بنایاگیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
علی گل پیر نے نیوز رپورٹر کے روپ میں لائیو بیپر دیتے ہوئے کہا کہ”جی! آپ کو یہ گڑھے لگ رہے ہوں گے لیکن یہ گڑھے نہیں ہے، دراصل ڈی ایچ اے نے پانی کے ذخائر بنائے ہوئے ہیں، تاکہ جب طوفان آئے گا اور پانی جمع ہوگا تو پورے شہر میں چھوٹی چھوٹی ندیاں بنی ہوں گی تاکہ لوگ اس میں تیراکی سے لطف اندوز ہوسکیں “۔
View this post on Instagram
انہوں نے طنزیہ انداز اپناتے ہوئے مزید کہاکہ”کراچی کی آبادی 2 کروڑ کے لگ بھگ ہوگئی ہے، جگہ کم پرگئی ہے لوگ زیادہ ہوگئے ہیں، اس لیے انہوں نے گڑھے کھود دیے ہیں تاکہ ان میں گرکر مرجائیں،اس طرح آبادی کم ہوگی جس سے روز روز احتجاج کی بکواس ختم ہوجائے گی “۔
علی گل پیر نے مزید کہاکہ”سندھ حکومت نے کہاہے کہ اگر آپ کو طوفان برالگتا ہے تو آپ گھر سے باہر جاسکتے ہیں ورنہ گھر میں ہی بیٹھے رہیں، دوسرے تہہ خانے اورتمام کھڑکیاں بند کرنے کی ہدایت کی ہے “۔
تہہ خانے اور کھڑکیاں بند کرنے کی ہدایت کی توجیح پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ”طوفان کے نتیجے میں پانی آئے گا تو کراچی کی شارکیں بھی ساتھ میں آئیں گی جو گن پوائنٹ پر موبائل چھین لیتی ہیں، اس لیے کھڑکیاں اور تہہ خانے بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے“۔