اسرائیل کیلئے افسوس کرنیوالے منافق ہیں: سوارا بھاسکر

بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر نے اسرائیل کی حمایت کرنے والوں پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے اُنہیں منافق قرار دے دیا۔

فلسطینی مزاحمتی تنظیم اور غزہ کی حکمراں جماعت حماس نے ہفتہ کے روز اسرائیل پر اچانک بڑے حملے کرکے اسرائیل سمیت پوری دُنیا کو حیران کردیا ہے۔ہفتہ کے روز شروع ہونے والی لڑائی اتوار کو بھی سارا دن جاری رہی۔

اسرائیل پر غیر متوقع حملے کے بعد حزب اللہ بھی لبنان سے صہیونی ریاست کو نشانہ بنارہی ہے۔ حماس کے جنگجو اب بھی اسرائیلی مقبوضہ علاقوں کے اندر موجود ہیں جہاں ان کی کئی مقامات پر اسرائیلی فوج سے دو بدو جھڑپیں ہورہی ہیں۔
حماس کے حملوں کے بعد امریکہ اور بھارت اسرائیل کا حمایتی بن کے سامنے آیا ہے، امریکہ نے حماس کے خلاف اسرائیل کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سوشل میڈیا پر بھارتیوں کی جانب سے اسرائیل کے حق میں پیغامات جاری کیے جارہے ہیں۔

ایسے میں گوہر خان کے بعد اب بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر نے بھی اسرائیل کے حمایتیوں کو منہ توڑ جواب دیا ہے، اُنہوں نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر اسٹوری پوسٹ کی۔

سوارا بھاسکر نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں اسرائیل کے حمایتیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ‘آپ لوگ، اُس وقت کہاں تھے جب اسرائیل گزشتہ کئی سالوں سے غزہ اور وہاں کے شہریوں، اسکولوں اور اسپتالوں پر بمباری کر رہا تھا’۔
بھارتی اداکارہ نے شدید غصے کے انداز میں کہا کہ ‘اگر آپ نے فلسطینیوں پر اسرائیل کے کبھی نہ ختم ہونے والے مظالم، فلسطینیوں کے گھروں پر جبری قبضے، فلسطینی بچوں، خواتین اور نوعمروں کے قتل، دہائیوں کی طویل ناکہ بندی اور بمباری پر صدمہ اور وحشت محسوس نہیں کی تو پھر اسرائیل پر حماس کے حملوں پر آپ کا دُکھ، صدمہ اور افسوس مجھے منافقانہ معلوم ہوتا ہے’۔
مزید پڑھیں: دریا سے سمندر تک فلسطین آزاد ہوگا: صبا قمر
اس سے قبل بھارتی اداکارہ گوہر خان نے کہا تھا کہ ‘گزشتہ کئی سالوں سے فلسطین پر جاری ظلم و ستم پر اندھی بننے والی دُنیا کی بینائی اب واپس آگئی ہے’
واضح رہے کہ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس کے اچانک حملے کے بعد سے اسرائیلی فوج اب تک سنبھل نہیں پائی ہے۔ مختلف جھڑپوں میں اسرائیلیوں کی ہلاکت کی تعداد 700 سے تجاوز کرگئی جن میں سیکڑوں فوجی اور پولیس اہلکار شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: ‘اندھی دُنیا کی بینائی واپس آگئی’: بھارتی اداکارہ کا فلسطین کے حق میں بیان
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے بزدلانہ کارروائی میں غزہ میں حماس کے کمانڈرز کے گھروں پر رات بھر بمباری کی۔ ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں۔ ان حملوں میں بچوں سمیت 413 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

متعلقہ تحاریر