انکل سرگم کو 78 ویں سالگرہ پر گوگل کا خصوصی خراجِ عقیدت

معروف مزاح نگار فاروق قیصر المعروف ’انکل سرگم‘ کو 78ویں سالگرہ کے موقع پر گوگل نے خصوصی خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

گوگل نے فاروق قیصر کی سالگرہ کے موقع پر خصوصی ڈوڈل جاری کیا ہے جس میں پرانے دور کے ایک ٹی وی میں ان کے مشہور پتلی تماشا کردار ’انکل سرگم‘ کی تصویر دیکھی جا سکتی ہے۔

فاروق قیصر 31 اکتوبر 1945ء کو پنجاب کے علاقے سیالکوٹ میں پیدا ہوئے، ان کے کٹھ پتلیوں کی دنیا میں سفر کا آغاز لاہور کے نیشنل کالج آف آرٹس میں فائن آرٹ کی تعلیم کے حصول کے دوران ہوا۔

ان کے شاندار کیریئر کا آغاز 1970ء میں بچوں کے ٹی وی پروگرام ’اکڑ بکڑ‘ کے ذریعے ہوا۔

فاروق قیصر کی علم کی پیاس اور فن کا شوق اُنہیں تعلیم کے حصول کے لیے بیرونِ ملک لے گیا جہاں اُنہوں نے یونیورسٹی آف بوکریسٹ سے گرافک ڈیزائن میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی اور یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا سے ماس کمیونیکیشن میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی۔

ان کے مشہور ٹی وی شوز کلیاں، سرگم سرگم اور ڈاک ٹائم تھے، تاہم اُنہیں شہرت پی ٹی وی کے مشہور پروگرام ’کلیاں‘ میں انکل سرگم کے کردار سے حاصل ہوئی۔

فاروق قیصر کو ٹیلی ویژن کے ذریعے پاکستان میں تعلیم اور تفریح ​​دونوں شعبوں میں ان کے تعاون کے لیے بڑے پیمانے پر پزیرائی ملی۔

انہیں متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا گیا جن میں 1993ء میں ملنے والا پریزیڈینشیئل پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ، 1997ء میں یونیسیف کی جانب سے ملنے والا ’ماسٹر پپیٹیئر‘ کا خطاب اور 2010ء میں ملنے والا پی ٹی وی لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ شامل ہیں۔

فاروق قیصر دل کے عارضے میں مبتلا ہونے کے بعد 14 مئی2021ء کو اس جہانِ فانی سے کوچ کر گئے۔

 

متعلقہ تحاریر