بالی ووڈ اداکاروں کی کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی
انڈیا کرونا سے متاثر ہونے والا دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے لیکن بالی ووڈ کے فنکار ہوش کے ناخن نہیں لے رہے۔

بالی ووڈ اداکار چاہے وہ انڈیا میں ہوں یا کسی اور ملک میں جائیں کرونا سے بچاؤ کی تدابیریا ایس او پیزکو کسی خاطر میں نہیں لارہے ہیں۔ عامر خان اور پریانکا چوپڑا نے کرونا سے بچاؤ کی ایس او پیز کو مکمل طور پر نظرانداز کردیا۔
کرونا وائرس دنیا بھر میں پنجے گاڑھے ہوئے ہے اور انڈیا وبا سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا ملک ہے لیکن بالی ووڈ کے فنکاروں کو شاید اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
بالی ووڈ کے ‘مسٹر پرفیکٹ’ نے پچھلے دنوں کرونا ایس او پیز کے حوالے سے پرفیکشن کا ثبوت نہیں دیا۔ فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پرعامرخان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ ماسک کے بغیرممبئی کی گلی میں بچوں کے ساتھ کرکٹ کھیلتے دکھائی دیئے۔
View this post on Instagram
سوشل میڈیا صارفین بالی ووڈ اسٹار کی اس لاپرواہی پرنالاں ہیں اور انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ماہین خان اور عائزہ خان احتیاطی تدابیر کے دو رُخ
دوسری جانب بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پریانکا چوپڑا ان دنوں لندن میں موجود ہیں جہاں کرونا کی خطرناک قسم کے باعث شہر میں مکمل لاک ڈاؤن ہے۔ اداکارہ ایسی سنگین صورتحال میں بھی بیوٹی پارلر جاپہنچیں۔ پریانکا لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے والدہ اور پالتو کتے کے ساتھ اپنی رہائش گاہ سے نکلیں اورسیلون گئیں۔ پولیس نے اداکارہ کو آئندہ احتیاط کرنے کی تنبیہ کردی لیکن کوئی جرمانہ عائد نہیں کیا گیا۔
بالی ووڈ اداکار چاہے وہ اس وقت انڈیا میں مقیم ہوں یا کہیں اور ایس او پیز کو مکمل طور پر فراموش کرچکے ہیں۔ بھارت میں تو اس حوالے سے کوئی سختی نہیں اور اسی وجہ سے عامر خان بچ نکلے مگر پریانکا کو اپنی لاپرواہی پر لندن پولیس کو جواب دینا پڑگیا۔