ریاض شاہد کی بیوہ نیلو بیگم کا انتقال
اکتوبر 1966 میں نیلو بیگم اور ریاض شاہد رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔
ماضی کی معروف اداکارہ نیلو بیگم کے انتقال پر شوبز انڈسٹری میں اداسی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ متعدد فنکاروں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے دکھ کا اظہار کیا۔ اداکاروں نے انہیں شان شاہد کی والدہ کے طور پر یاد کیا لیکن اکثر بھول گئے کہ نیلو بیگم فلمی دنیا کے مشہور و معروف مصنف اور ہدایتکار ریاض شاہد کی بیوہ بھی تھیں۔
نیلو بیگم 30 جون 1940 کو بھیرہ میں پیدا ہوئیں۔ ان کا تعلق مسیحی خاندان سے تھا۔ ان کا پیدائشی نام سنتھیا الیگزانڈر فرنینڈس تھا۔ نیلو نے ریاض شاہد سے شادی سے پہلے اسلام قبول کرلیا اور ان کا نام عابدہ ہوگیا۔ 14 اکتوبر 1966 کو نیلو بیگم اور ریاض شاہد رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔
نیلو بیگم 30 جنوری کو 81 سال کی عمر میں خالق حقیقی سےجاملیں۔ اس خبر کے بعد فلمی دنیا کے بیشتر اداکاروں نے گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا۔ سماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹس پر فنکاروں نے ان کے لیے دعائیہ کلمات تحریر کیے۔ ماضی کی مشہور اداکارہ کے تعارف میں فنکاروں نے انہیں یہ تو لکھا کہ وہ اداکار شان شاہد کی والدہ تھیں لیکن یہ تحریر کرنا بھول گئے کہ نیلو ماضی کے معروف مصنف اور ہدایتکار ریاض شاہد کی بیوہ بھی تھیں۔
Brother please accept our deepest condolences…no words can console or match in any way to the loss you have suffered. May Allah bless the departed soul & give you the strength to cope with this loss. Ameen
— Fakhr-e-Alam (@falamb3) January 31, 2021
ریاض شاہد کا شمار پاکستان فلم انڈسٹری کے بہترین ہدایتکاروں میں ہوتا تھا۔ ان کی بنائی گئی بہترین فلموں میں زرقا، سسرال، یہ امن اور خاموش رہو شامل ہیں۔ زرقا کا مرکزی کردار نیلو بیگم نے ادا کیا۔ فلم کے نغمات حبیب جالب نے لکھے تھے۔ زرقا نے آٹھ شعبوں میں ایوارڈ سمیٹے۔ خاموش رہو میں بھی ریاض شاہد نے اپنے کام سے سب کو چونکا دیا، فلم نے نگار ایوارڈ بھی حاصل کیا۔ 1972 میں ریاض شاہد کینسر کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار گئے۔ 2 سال بعد نیلو نے فلمی دنیا میں دوبارہ قدم رکھا۔ نیلو نے اپنے کیئریر میں چار نگار ایوارڈ حاصل کیے۔
یہ بھی پڑھیے
گیم آف تھرونز کی اینیمیٹڈ سیریز بھی بنائی جارہی ہے؟
نیلو بیگم اور ریاض شاہد کے تین بچے ہیں۔ سب سے بڑی بیٹی زرقا اس کے بعد بیٹے اعجاز شاہد اور ارمغان شاہد جنہیں ہم شان شاہد کے نام سے جانتے ہیں۔