کیا کنگنا رناوت ہر ایک کو جواب دیں گی؟

انڈین کسانوں کی حمایت پر کنگنا رناوت نے ریحانہ اور گریٹا کو جواب دے دیا۔

معروف امریکی گلوکارہ ریحانہ اور ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ نے انڈین کسانوں کے حق میں ٹوئٹ کیا تو انڈین اداکارہ کنگنا رناوت حکمران جماعت کی حمایت میں نکل آئیں اور انہی کی زبان بولنے لگیں۔

انڈیا میں جاری کسانوں کے احتجاج پر دنیا بھر سے آوازیں اٹھنے لگی ہیں۔ عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکارہ ریحانہ نے گزشتہ روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں انڈین کسانوں کے استحصال کی خبر شیئر کرتے ہوئے تبصرے میں سوال کیا کہ کوئی اس بارے میں بات کیوں نہیں کررہا؟

ریحانہ کا ٹوئٹ سامنے آتے ہی انڈیا کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے حامی آگ بگولہ ہوگئے اور اداکارہ کنگنا رناوت نے تو  ٹوئٹ کے جواب میں کسانوں کو دہشتگرد قرار دے دیا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ٹوئٹ کے جواب میں گلوکارہ کو داد دیتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے اس حوالے سے بات کرکے دنیا میں موجود ہر کسان کے دل میں جگہ بنالی ہے۔

سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ مہوش اعجاز نے بھی ٹوئٹ میں ریحانہ کی حمایت کی۔

یہ بھی پڑھیے

کنگنا رناوت متنازع بیانات کے باعث پھر پھنس گئیں

ادھر سوئڈن سے تعلق رکھنے والی ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ بھی انڈین کسانوں کے حقوق کی پامالی پر بول پڑیں۔ ٹوئٹ میں کسانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

کنگنا رناوت یہاں بھی چپ نہ رہیں۔ ٹوئٹ میں گریٹا تھنبرگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ انہیں بائیں بازو کی جماعتوں کی جانب سے استعمال کیا گیا اور الٹا بدلے میں گریٹا نے اپنا اسکول چھوڑ دیا۔

کنگنا رناوت بی جے پی کی حمایت میں اس قدر آگے بڑھ گئی ہیں کہ انہیں سمجھ ہی نہیں آرہا کہ کب کس کو کیا کہنا ہے ۔ کسانوں کے احتجاج پر بھی دنیا بھر سے آوازیں اٹھ رہی ہیں تو کیا کنگنا ہر ایک کا منہ بند کریں گی؟

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ریحانہ کے ٹوئٹر پر 10 کروڑ سے زائد فالورز ہیں جبکہ گریٹا کو بھی ٹوئٹر پر 40 لاکھ سے زائد افراد فالو کرتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر