ریاض شاہد اور نیلو کی محبت سنیل دت اور نرگس سے کتنی مختلف؟
پاکستانی اور انڈین فلم انڈسٹری کے دو جوڑوں کی محبت کی داستان آپس میں خاصی مماصلت رکھتی ہے۔ یہ جوڑے پاکستان سے ریاض شاہد اور نیلوہیں جبکہ انڈیا سے سنیل دت اور نرگس ہیں۔

کہتے ہیں محبت کبھی نہیں مرتی ۔ یوں تو انسان کا مادہ ہی محبت سے اٹھایا گیا ہے اور رہتی دنیا تھا محبت کی کہانیاں منظرعام پر آتی رہیں گی مگر کچھ کہانیاں ایسی ہوتی ہیں جو مدتوں لوگوں کے ذہنوں میں تازہ رہتی ہیں۔ پاکستانی اور انڈین فلم انڈسٹری کے دو جوڑوں کی محبت کی داستان آپس میں خاصی مماصلت رکھتی ہے۔ یہ جوڑے پاکستان سے ریاض شاہد اور نیلوہیں جبکہ انڈیا سے سنیل دت اور نرگس ہیں۔
انڈین فلم انڈسٹری کے ماضی کے درخشاں ستارے سنیل دت اور نرگس دت کی جوڑی اور پاکستانی فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی ریاض شاہد اور اداکارہ نیلو کی جوڑی کے درمیان محبت آج بھی شوبز سے منسلک ہر فرد کے لئے ایک مثال ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
ریاض شاہد کی بیوہ نیلو بیگم کا انتقال
بالی ووڈ فلم انڈسٹری میں جوڑیاں بنتی اور ٹوٹتی رہتی ہیں مگر فلم مدر انڈیا کے سیٹ پر پروان چڑھنے والی سنیل دت اور نرگس کی محبت کی داستان امر ہو گئی۔
سنیل دت اور نرگس کی محبت کی شروعات
سنیل دت ایک پنجابی گھرانے سے تعلق رکھتے تھے اور مذہبی طور پر ہندو مذہب سے تعلق رکھتے تھے جبکہ نرگس مسلم گھرانے سے تعلق رکھتی تھیں ۔ مگر نرگس اور سنیل دت کی محبت کے آگے سماج کی ساری دیواریں ڈھیر ہو گئیں۔
1957 میں نرگس کا نام انڈین فلم انڈسٹری کی چوٹی کی اداکاراؤں میں آتا تھا جبکہ سنیل دت اس وقت انڈسٹری میں قدم جما رہے تھے۔ فلم مدر انڈیا کے سیٹ سے شروع ہونے والی سنیل دت اور نرگس کی محبت شادی کے بندھن میں تبدیل ہو گئی۔ بالآخر 1958 میں شادی کے بعد نرگس نے فلم انڈسٹری کو خیرباد کہہ دیا۔
1981 میں نرگس کینسر کے مرض میں مبتلا ہو کر جہان فانی سے کوچ کر گئیں۔ اداکارہ اپنے بیٹے اور مشہور اداکار سنجے دت کی فلم کے پریمیئر سے کچھ روز قبل ہی کینسر جسے موضی مرض کا شکار ہوگئیں۔
نرگس کے شوہر سنیل دت نے اپنی محبت کو تازہ رکھنے کے لئے ایک ایسا کمرہ ترتیب دیا جس میں نرگس کی شخصیت سے متعلق تمام اشیاء کو جمع کیا گیا تھا۔
مختلف مذہبی پس منظر رکھنے والے جوڑی نے ایک کامیاب زندگی گزاری۔ سنیل دت اور نرگس کی جوڑی ایک مثالی جوڑی تھی۔
بالی ووڈ کے جوڑے سنیل دت اور نرگس دت کی لازوال محبت کی کہانی کی طرح لالی ووڈ کے ماضی کے روشن ستارے ریاض شاہد اور اداکارہ نیلو کی محبت کے چرچے بھی کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔
ریاض شاہد اور نیلو کی محبت کی ابتداء
اپنے وقت کی پرکشش ترین اداکارہ نیلو کی ریاض شاہد سے پہلی ملاقات فلم مسٹر کے سیٹ پر ہوئی اور ریاض شاہد نے پہلی نظر میں نیلو کو اپنا دل دیا مگر اس کا اصل اظہار تاریخی موقعے پر کیا۔
اداکارہ نیلو کو اپنے رقص کے لئے مشہور ہونے کے سبب ایران کے شاہ کےسامنے ڈانس کرنے کے لئے طلب کیا گیا مگر اداکارہ کو یہ طلبی کے لئے جو طریقہ اختیار کیا گیا وہ قطعی پسند نہیں آیا۔ اُنہوں نے دھمکانے پر نیند کی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی مگر ڈاکٹروں نے کوشش کرکے نیلو کی زندگی کو بچا لیا۔
یہ وہ لازوال لمحہ تھا جب ریاض شاہد نے نیلو کی بہادری کو داد دیتے ہوئے شادی کی پیش کش کردی۔ چمکتی آنکھوں والی اداکارہ کو ریاض شاہد سے محبت سے زیادہ عقیدت تھی۔ جو ریاض شاہد کی موت کے بعد بھی قائم رہی ۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ شادی سے قبل اداکارہ نیلو مذہبی طور پر عیسائی مذہب سے تعلق رکھتی تھیں اور ان کا پیدائشی نام سنتھیا الیگزینڈر تھا۔ شادی سے قبل نیلو نے اسلام قبول کیا اور ان اسلامی نام عابدہ رکھا گیا ۔
ریاض شاہد اور اداکارہ نیلو کی شادی 1969 میں ہوئی اور اللہ نے ان کو تین بچوں سے نوازہ جن میں مشہور پاکستانی اداکار شان شاہد بھی شامل ہیں۔
اپنے شوہر کے انتقال کے بعد ، نیلو نے بطور اداکارہ اور پروڈیوسر کیریئر کو آگے بڑھاتے ہوئے اپنے کنبے کی بھرپور دیکھ بھال کی۔ محبت کبھی نہیں مرتی بلکہ یہ وقت کے ساتھ اور مضبوط ہوتی جاتی ہے۔ ریاض شاہد کی وفات کے بعد اداکارہ نیلو کو متعدد بار شادی کی آفر ہوئی مگر انہوں نے ریاض شاہد سے محبت کم اور عقیدت کے جذبے کو زندہ رکھا۔
اداکارہ نے اپنے مرحوم شوہر سے جڑی ہر شے کے لئے اپنے گھر میں ایک کمرہ مختص کررکھا تھا جس میں بطور پروڈیوسر اور مصنف فلم انڈسٹری سے ملنے والے تمام ایوارڈ کو رکھا گیا ہے۔
سنیل دت نے جس طرح اپنی محبت سے ملنے کے لئے لامتناہی لمحوں کا انتظار کیا اسی طرح چمکتی آنکھوں اور پرکشش چہرے کی مالکہ اداکارہ نیلو نے آخری لمحے تک ریاض شاہد کی یادوں کو اپنے دل میں سمائے رکھا۔
سنیل دت کی وصیت کے مطابق اُن کی چتا کی راکھ کو پانی میں بہانے کے بحائے اُن کی بیوی نرگس کی قبر پر پھیلا دیا گیا تھا کیونکہ وہ مرنے کے بعد بھی اپنی بیوی سے علیحدہ نہیں ہونا چاہتے تھے۔