فنون لطیفہ میں بریگزٹ پر دوبارہ مذاکرات ہونے چاہییں، سر ایلٹن جان

سر ایلٹن جان سمجھتے ہیں کہ ’برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے جب مذاکرات کیے تو اس وقت انہوں نے فنکاروں سے متعلق بالکل نہیں سوچا یا پھر وہ مذاکرات کے لیے تیاری کے بغیر چلے گئے تھے۔‘

سر ایلٹن ہرکیولس جان نے برطانوی حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ فنون لطیفہ کے شعبے سے متعلق اُمور پر یورپی یونین سے دوبارہ مذاکرات کرے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے یورپی یونین سے انخلاء (بریگزٹ) کے وقت فنکاروں کے مستقبل کو مدنظر نہیں رکھا تھا۔

مشہور گلوکار، نغمہ نگار، پیانو بجانے کے ماہر اور کمپوزر سر ایلٹن ہرکیولیس جان کا کہنا ہے کہ برطانوی اداکاروں اور فنکاروں کے مستقبل کو بچانے کے لیے حکومت کو چاہیے کہ وہ دوبارہ یورپی یونین سے بریگزٹ معاہدے پر مذاکرات کرے بصورتِ دیگر فنکاروں کا مستقبل تباہ ہو جائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ ’برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے جب مذاکرات کیے تو اس وقت انہوں نے فنکاروں سے متعلق بالکل نہیں سوچا یا پھر وہ مذاکرات کے لیے تیاری کے بغیر چلے گئے تھے۔‘

اُنہوں نے یہ تنقید اُس انکشاف کے بعد کی ہے کہ بریگزٹ کے مذاکرات کے وقت حکومت نے یورپی یونین کی جانب سے اس پیشکش کو بھی مسترد کردیا تھا جو فنکاروں کے حق میں تھی۔

یہ بھی پڑھیے

بیزوس کی سابقہ اہلیہ نے میاں منشا کی کل دولت سے زیادہ عطیہ کر دیا

اُنہوں نے مزید کہا وہ سب کچھ اپنے لیے نہیں بلکہ ان نئے آنے والے فنکاروں کے لیے کررہے جنہیں شوبز انڈسٹری میں مالی مسائل کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ 2016 میں برطانیہ نے یورپی یونین سے علیحدگی کی درخواست دی تھی اور 31 جنوری 2020 کو بریگزٹ معاہدے کے تحت باضابطہ طور پر تجارتی بلاک سے الگ ہوگیا تھا۔

سر ایلٹن جان کے اب تک 300 ملین سے زائد میوزک ریکارڈ فروخت ہوچکے ہیں جو کہ ایک تاریخی عمل ہے۔ موسیقی کے میدان میں بہترین کارکردگی پر سر ایلٹن جان کو ابھی تک 5 گریمی ایوارڈز اور 5 برٹ ایوارڈ سے نوازا جاچکا ہے۔ جبکہ وہ 2 اکیڈمی ایوارڈ، 2 گولڈن گلوبز، ایک ٹونی ایوارڈ، ڈزنی لیجنڈز ایوارڈ اور کینیڈی سینٹر آنر ایوارڈ حاصل کرچکے ہیں۔

گلوکار اور موسیقی کار سر ایلٹن نے 1992 میں ایڈز فاؤنڈیشن کا ادارہ بھی قائم کیا تھا۔

متعلقہ تحاریر