پشاور کے 3 ہمشکل ٹک ٹاکرز بھائی کیوں مشہور ہو رہے ہیں؟

ہمشکل ہونے کے سبب اسکول کے اساتذہ اکثر دھوکہ کھا جاتے ہیں اور کام ایک نہیں کرتا لیکن پٹائی دوسرے کی ہوجاتی ہے۔

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے 10 لاکھ سے زیادہ مداح رکھنے والے 3 ہمشکل ٹک ٹاکرز بھائی آج کل توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ ان کی پہچان کے حوالے سے اکثر لوگ دھوکہ کھا جاتے ہیں۔ موبائل کا کاروبار کرنے والے تینوں بھائی مارکیٹ میں بھی ہر دلعزیز ہیں۔

پشاور سے تعلق رکھنے والے  نوید جان، رفیع جان اور عصمت جان 3 ایسے بھائی ہیں جو نا صرف ٹک ٹاک بنانے کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں بلکہ ایک جیسی شکل سے خاندان بھر میں بھی کافی مشہور ہیں۔

تینوں کا پشاور کے علاقے صدر میں موبائل کا کاروبار ہے۔ تینوں بھائیوں کا ہمشکل ہونے کے ساتھ ساتھ کپڑوں اور جوتوں سمیت ہیئر اسٹائل اور چلنے پھرنے کا انداز بھی ایک جیسا ہے اور اسی چیز کا تینوں اکثر فائدہ بھی اٹھاتے ہیں۔

اسکول میں جہاں اساتذہ اِن تینوں میں فرق نہیں پہچان سکتے تھے وہیں ٹک ٹاک کے مداحوں کے لیے بھی تینوں کی شناخت مشکل ہوجاتی تھی۔ ان کے بڑے بھائی شکور جان کا کہنا ہے کہ ‘تینوں بھائیوں میں سے کسی کو اسکول جانے کا شوق نہیں تھا۔’

مشابہت ہونے کی وجہ اکثر ایسا ہوتا تھا کہ استاد نے نوید جان کو بلانا ہو تو وہ رفیع جان کو بلا لیتے تھے۔ ایک نے کام نہ کیا ہو تو بعض اوقات سزا دوسرے کو مل جاتی تھی۔ خاندان کے کسی فرد کے ساتھ ان میں سے کوئی زیادتی کردیتا تو گلا دوسرے بھائی کا پکڑا جاتا ہے۔ جب چھوٹے تھے تو شرارت ایک کرتا تھا لیکن مار دوسرے بھائی کو پڑتی تھی۔

شکور جان کے مطابق ‘تینوں بھائی ان کے لیے اللہ کی طرف سے کسی تحفے سے کم نہیں ہیں۔ وہ نا صرف گھر والوں کے ہردلعزیز ہیں بلکہ بازار میں بھی ان کے چاہنے والوں کی تعداد کم نہیں ہے۔’

یہ بھی پڑھیے

انڈیا میں فلمیں بھی ہندوتوا کے نام سے بن رہی ہیں

انہوں نے کہا کہ ‘ٹک ٹاک کی ویڈیوز بنانا ہمشکل ٹک ٹاکرز کا شوق ہے جسے پورا کرنے کے لیے کپڑے اور جوتے وغیرہ ایک ہی سائز کے لینے پڑتے ہیں۔ ایک جیسے فیشن اور اسٹائل کے لیے درزی اور بالوں کی کٹائی کے لیے نائی بھی ایک ہی ہے۔’

آج کل ٹک ٹاک پر ہر کوئی اپنے منفرد انداز کے ساتھ راتوں رات دولت اور شہرت کمانا چاہتا ہے وہیں ایک ملین کے قریب ٹک ٹاک کے مداح رکھنے والے یہ تینوں بھائی بھی ٹک ٹاک سے کمائی کرنے کے خواہشمند ہیں۔

یہ تینوں اپنے گاہکوں سے بھی بہترین اخلاق سے پیش آتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اُن کی مشہوری کی اصل وجہ اُن کا کاروبار ہے۔

متعلقہ تحاریر