کیا آریان خان یش راج فلمز کا نیا چہرہ ہیں؟

آریان خان 2001 میں یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم 'کبھی خوشی کبھی غم' میں بطور چائلڈ اسٹار کردار ادا چکے ہیں۔

افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان یش راج فلمز پروڈکشن کا نیا چہرہ بننے جارہے ہیں۔

بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کو یش راج فلمز کے اسٹوڈیو سے نکلتے ہوئے دیکھا گیا ہے جس کے بعد فلمی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے یش راج فلمز بہت جلد آریان خان کو متعارف کرادے گا۔

آریان خان نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 2001 میں یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم ‘کبھی خوشی کبھی غم’ میں بطور چائلڈ اسٹار کردار ادا  کیا تھا۔ 23 سالہ آریان دو فلموں میں وائس اوور آرٹسٹ کے طور پر کام کرچکے ہیں جن میں سے ایک ہندی ڈب اینیمیٹڈ فلم ‘دی انکریڈیبلز’ جبکہ دوسری ‘دی لائن کنگ’ ہے۔

یاد رہے کہ انڈیا کے معروف شوبز میگزین فلم فیئر نے نوجوان ستارے آریان خان کی ایک تصویر بھی شائع کی تھی جس میں وہ ایک ہندوستانی فلم پروڈکشن ہاؤس سے نکل رہے تھے۔

 یہ بھی پڑھیے

پاکستانی فنکار پاوری سے بیزار لیکن بالی ووڈ کی پارٹی جاری

یش راج فلمز اور اداکار شاہ رخ خان کے اشتراک نے انڈین فلم انڈسٹری کو بہت سی کامیاب فلمیں دی ہیں جن میں دل والے دلہنیا لے جائیں گے، ویر زارا، کچھ کچھ ہوتا ہے، کبھی خوشی کبھی غم اور محبتیں سمیت کئی دیگر فلمیں بھی شامل ہیں۔

فی الحال یش راج فلمز کے بانی یش چوپڑا کے بیٹے آدیتہ چوپڑا اور اودھے چوپڑا بالترتیب چیئرمین و مینیجنگ ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر و سی ای او کے طور پر کام سرانجام دے رہے ہیں۔

شاہ رخ خان کے بیٹے کی یش راج فلمز کے پروڈکشن ہاؤس سے نکلتے ہوئے تصویر نے لوگوں کی توجہ حاصل کرلی ہے۔ تصویر کے حوالے سے ملا جلا ردعمل دیکھنے کو مل رہا ہے۔ کچھ لوگ اس کو اقربا پروری سے تعبیر کررہے جبکہ کئی لوگ آریان کی آمد کو خوش آئند قرار دے رہے ہیں۔

 

ٹوئٹر کے ایک صارف کا کہنا ہے کہ ‘بالی ووڈ فلم انڈسٹری اب اقربا پروری کا شکار ہونے جارہی ہے۔’

تاہم ان تبصروں سے ہٹ اگر دیکھا جائے تو یش راج فلمز یا آریان خان کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

متعلقہ تحاریر