گنگوبائی کاٹھیاواڑی کے ٹیزر پر عالیہ بھٹ کو مبارکباددینے کا سلسلہ جاری

سنجے لیلا بھنسالی کی اس فلم میں عالیہ بھٹ نے گنگوبائی کا مرکزی کردار نبھایا ہے۔

بالی ووڈ کی نئی فلم گنگو بائی کاٹھیاواڑی کے ٹیزر میں اداکارہ عالیہ بھٹ کے نئے روپ نے سب کو چونکا دیا ہے۔ انڈسٹری کے بڑے ستاروں نے صرف ٹیزر ریلیز ہونے پر اداکارہ کو مبارکباد دینا شروع کر دی ہے۔

رعب دار شخصیت، تحکمانہ انداز اور لہجے میں بے خوفی، عالیہ بھٹ کا یہ روپ اور انداز نہ صرف ان کے مداحوں بلکہ بالی ووڈ اسٹارز کو بھی بھا گیا ہے۔ عالیہ بھٹ کی نئی فلم گنگو بائی کاٹھیاواڑی کے ٹیزر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچائی ہوئی ہے۔ بالی ووڈ کے صف اول کے اداکاروں اور ہدایتکاروں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عالیہ بھٹ کو مبارکباد دینا شروع کردی ہے۔ اداکارہ نے جواب میں تمام شخصیات کا شکریہ ادا کیا ہے۔

بالی ووڈ سپراسٹار شاہ رخ خان نے ٹوئٹ میں عالیہ بھٹ کی اداکاری کی داد دیتے ہوئے لکھا کہ یہ فلم بہت ہی خاص لگ رہی ہے۔

انڈیا کی معروف اداکارہ پریانکا چوپڑا نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ بےخوف ہو کر مشکل قدم اُٹھانے پر انہیں عالیہ پر فخر ہے۔

بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے بھی عالیہ بھٹ کی تعریف کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

بالی ووڈ کے ہدایتکار و اداکار فرحان اختر نے ٹیزر سے متاثر ہوکر عالیہ بھٹ کو مبارکباد دی۔

یہ بھی پڑھیے

اجے دیوگن کا شادی کی 22ویں سالگرہ پر کاجول کو انوکھا تحفہ

ہدایتکار کرن جوہر نے ٹوئٹ میں ٹیزر کی تعریف کی اور لکھا کہ انہیں فلم کا بےصبری سے انتظار ہے۔

سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کی کہانی حسین زیدی کے ناول ‘مافیا کوئنز آف ممبئی’ سے ماخوذ ہے۔

گنگو بائی کون تھیں؟

گنگو بائی 1960 میں ممبئی کے علاقے کماٹھی پورا میں غیر قانونی پیشوں سے وابستہ خاتون تھیں۔ گنگوبائی کا تعلق گجرات کے علاقے کاٹھیاواڑ کے ایک معتبر گھرانے سے تھا۔ زمانہ طالب علمی میں والد کے اکاؤنٹینٹ رمنیک لال کے عشق میں مبتلا ہوگئی تھیں۔ خاندان کی مخالفت پر محبوب کے ساتھ ممبئی بھاگ گئیں لیکن رمنیک لال نے گنگو کو کوٹھے پر بیچ دیا جہاں سے ان کی واپسی کبھی ممکن نا ہوسکی۔

بالی ووڈ فلم گنگو بائی کاٹھیاواڑی 30 جولائی کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

متعلقہ تحاریر