جنت مرزا ٹک ٹاک کے بعد اب فلم میں بھی نظر آئیں گی
فلم میں جنت مرزا کے ساتھ مرکزی کرداروں میں اداکارہ صائمہ، سلیم البیلا اور شفقت چیمہ جیسے پاکستان کے نامور فنکار شامل ہیں۔

مختصر ویڈیو شیئرنگ کے لیے دنیا بھر میں مشہور ایپ ٹک ٹاک پر پاکستان میں پابندی لگ چکی ہے لیکن ٹک ٹاک کے ذریعے سامنے والا ٹیلنٹ اب بڑے پردوں کی زینت بنے گا۔ ٹک ٹاکر حریم شاہ کے بعد جنت مرزا نے بھی لالی ووڈ میں قدم رکھ دیا ہے اور اب وہ ٹک ٹاک کے بجائے فلم میں اداکاری کرتی ہوئی نظر آئیں گی۔
گذشتہ دنوں پاکستان میں پشاور ہائی کورٹ کے حکم کے بعد ٹک ٹاک پر پابندی عائد کردی گئی ہے تاہم ایپ کے ذریعے راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے ٹک ٹاکرز کا سفر اس پابندی کے ساتھ ختم نہیں ہوا ہے۔
جنت مرزا سب سے پہلے 10 ملین (یعنی ایک کروڑ) فالوورز حاصل کرنے والی پاکستان کی پہلی ٹک ٹاکر ہیں۔ انہوں نے لالی ووڈ میں قدم رکھ دیا ہے جن کی فلم ’تیرے باجرے دی راکھی‘ ہر گزرتے دن اپنی ریلیز کے قریب پہنچ رہی ہے۔
فلم میں جنت مرزا کے ساتھ مرکزی کرداروں میں اداکارہ صائمہ، سلیم البیلا اور شفقت چیمہ جیسے پاکستان کی فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے بڑے نام شامل ہیں۔
23 سالہ جنت مرزا کا تعلق پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے ہے جنہیں ٹک ٹاک سے راتوں رات شہرت ملی ہے۔ انہوں نے اپنی چمکیلی رنگت، خوبصورت آنکھوں، سنہرے بالوں اور چہرے کے دلکش خدوخال کی وجہ سے شہرت حاصل کی ہے۔
حال میں تقریباً 12 ملین (ایک کروڑ 20 لاکھ) مداحوں کے ساتھ سب سے زیادہ فالوورز والی ٹک ٹاکر ہونے کے باعث جنت مرزا لوگوں میں بے حد مقبول ہیں۔ اسی وجہ سے توقع کی جارہی ہے کہ ان کی فلم بھی ان کی شخصیت کی طرح ہی مقبولیت کے جھنڈے گاڑے گی۔
یہ بھی پڑھیے
فیصل آباد میں بجلی جنت مرزا کے پردادا لائے
واضح رہے کہ جنت مرزا ٹک ٹاک سے لالی ووڈ تک کا سفر کرنے والی پہلی ٹک ٹاکر نہیں ہیں بلکہ ان سے قبل متنازعہ ویڈیوز اپلوڈ کرنے والی مشہور ٹک ٹاک گرل حریم شاہ بھی اداکاری کے میدان میں اتر چکی ہیں۔ حریم شاہ پاکستان کے پہلے او ٹی ٹی پلیٹ فارم اردو فلکس کی ویب سیریز ’راز‘ میں جلوہ گر ہوچکی ہیں۔
علی زیدی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’راز‘ کی کہانی متنازعہ ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کی زندگی کے گرد ہی گھومتی ہے۔
ان کے علاوہ پاکستان میں اپنی خوبصورتی کے باعث مشہور نوجوان ٹک ٹاکر عریقہ حق بھی مشہور گلوکار عاصم اظہر کے گانے ’تم تم‘ میں جلوہ گر ہوچکی ہیں۔ جبکہ گذشتہ ماہ چہرے کے مزاحیہ تاثرات کے باعث مشہور ٹک ٹاکر رومیسہ خان استاد راحت فتح علی کے گانے ’رب جانے‘ کی ویڈیو میں نظر آئی ہیں۔